صحت خدمات میں عملوں کی لاپروائی کافی سنگین: پرینکا جیسوال

موتیہاری، 5جون (محمد ارشد)۔ ضلع ہیلتھ کمیٹی اور ضلع پریشد کی ضلع دیہی صحت مشن سے محکمہ صحت میں ملازمت پذیر ملازمین/ افسروں کی حاضری بایومیٹک سسٹم میں کرنے کے فیصلہ کے باوجود ابھی تک کسی بلاک میں پی ایچ سی اور اضافی پی ایچ سی وغیرہ میں بایومیٹک سسٹم نہیں لگایا گیا، جس پر چیئرپرسن پرینکا جیسوال نے سبھی انچارج میڈیکل افسروں اور سول سرجن کو ایک ماہ کے اندر بایومیٹک سسٹم سے حاضری درج کرانے کی ہدایت دی۔ اس سلسلے میں ضلع دیہی صحت کی ہوئی میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں 12 قسم کے فارمٹ میں مانگی گئی درخواست دستیاب نہیں ہونے پر یا ادھورا ہونے پر چیئرپرسن نے ایم او آئی سی، ڈی سی ایم، بی سی ایم اور لیکھ پال کی تنخواہ ادائیگی پر روک لگادی۔ پرینکا جیسوال نے کہا کہ لگاتار صحت انتظام میں سدھار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، مگر متعلقہ عملوں کے ذریعہ کام میں سردمہری اور لاپروائی برتی جارہی ہے جو کافی سنگین موضوع ہے۔ تین دنوں کے اندر درخواست حاصل نہیں ہوتے ہیں تو متعلقہ کے خلاف سرکار کو مطلع کردیا جائے گا۔ محترکہ جیسوال نے کہا کہ ایمبولنس کا آپریشنل، ایاین ایم کی تقرری، آشا کی تقرری اور 24×7 کا آپریشن اگر ٹھیک سے نہیں کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے زور دے کر کہا کہ جن پی ایچ سی میں جتنے اے این ایم سے کام لینا تھا اس سے زیادہ اے این ایم کی تقرری کرنے اور اس سال آؤٹ سورسنگ کا ٹینڈر میں ہر ایک پی ایچ سی وار ان کے کام کا جائزہ لینے کی بات کہی اور ابھی تک کس ایجنسی کو کتنی رقم ادا کی گئی ہے اس کی تفصیل مانگی ساتھ ہی سال 2015-16 اور 2016-17 کا آڈیٹر جنرل سے موصول آڈٹ رپورٹ دستیاب کرانے کی ہدایت سول سرجن کو دی۔ محترمہ جیسوال نے کہا کہ سبھی بلاکوں میں انٹائڈ فنڈ میں موصول رقم سرکار کے ذریعہ بھیج دی گئی ہے، مگر کسی بھی پی ایچ سی کے ذریعہ ابھی تک خرچ نہیں کرنے پر ناراضگی جتائی گئی۔ساتھ ہی ضلع کے ہر ایک پی ایچ سی کو 24×7 شروع کرنا تھا لیکن ابھی تک پپراکوٹھی، تیتریا، پھینہرا، کوٹوا، بنجریا، بنکٹوا وغیرہ میں 24×7 چالو نہیں ہونے پر متعلقہ عملوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ لیا گیا۔میٹنگ میں آکاش گپتا، دلیپ کمار، سادھو یادو، پرشانت کمار، شکنتلا سنہا، ضلع کے میڈیکل افسر، بی ایچ ایم جنرل اکاؤنٹینٹ، بلاک اکاؤنٹینٹ وغیرہ نے حصہ لیا۔ اس موقع پر غیرحاضر افسروں سے وجہ پوچھنے کا فیصلہ لیا گیا۔