لالویادو کے یوم پیدائش پر نتیش دو پلوں کا افتتاح کریں گے

پٹنہ، 8؍جون(آئی این ایس انڈیا) گنگا پر بنے ریل ، سڑک اور رابطہ پل لوک نارائن جے پرکاش نارائن کے نام پر اور آرہ -چھپرہ آرسی سی پل بھکاری ٹھاکر کے نام پر ہوگا۔11؍جون کو اس نئے تعمیرشدہ پل کا یہاں وزیر اعلی نتیش کمار ریموٹ کنٹرول سے افتتاح کریں گے۔آر جے ڈی صدر لالو پرساد کے یوم پیدائش پر ان کے بیٹے اور نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادو نے پل کے افتتاح کی پہل کی ہے۔تقریب میں لالو پرساد بھی موجود رہیں گے۔سون پور کے آر جے ڈی ممبر اسمبلی اور پارٹی کے ترجمان رامانوج پرساد نے جمعرات کو یہاں میڈیا کو بتایا کہ دیگھا-سون پور سڑک پل اور رابطہ سڑک کی تعمیر پر تقریبا 3000کروڑ روپے اور آرہ -چھپرہ پل کی تعمیر پر 1100کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے، ان پلوں کے چالو ہونے سے شمالی بہار کے لیے کمزورہوچکے مہاتما گاندھی پل کامتبادل پیدا ہو جائے گا۔دیگھا-سون پور ریلوے پل کا سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا نے سنگ بنیاد اور وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے کام شروع کرایا تھا۔لالو پرساد کے وزیر ریل رہتے ہوئے ریل ،سڑک پل بنانے کی پہل ہوئی تھی۔نائب وزیر اعلی اور سڑک تعمیر کے وزیر تیجسوی پرساد یادو 11؍جون کو پٹنہ میں افتتاحی تقریب کے بعد دیگھا-سون پور پل سے چھپرہ کے ڈوری گنج پہنچیں گے، وہاں وہ چھپرہ-آرہ پل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے۔بہار بی جے پی کے لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلی سشیل کمار مودی نے لالو پرساد کے یوم پیدائش پر ان پلوں کے افتتاح کی مخالفت کی تھی، انہوں نے دھمکی دی تھی کہ لالو پرساد کی طرف سے پلوں کا افتتاح ہونے پر بی جے پی اس کی پرزور مخالفت کرے گی۔