مرکزی ملازمین کو یکم جولائی سے ترمیم شدہ بھتے ملیں گے

نئی دہلی، 28 جون (یو این آئی) حکومت نے فوجیوں اور مرکزی ملازمین کے بھتوں کے سلسلے میں ساتویں پے کمیشن کی سفارشات کو ترمیمات کے ساتھ منظوری دے دی ہے ۔ ترمیمی بھتے یکم جولائی سے نافذ ہوں گے ۔ اس سے سرکاری خزانہ پر 30748.23 کروڑ روپئے کا اضافی سالانہ بوجھ پڑے گا۔وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی آج یہاں ہوئی میٹنگ میں اس سلسلے میں قرار داد کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ کے بعد وزیرخزانہ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ 34 ترمیمات کے ساتھ ساتویں پے کمیشن کے بھتوں سے متعلق سفارشات منظور کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس میں فوجیوں کے ہارڈشپ بھتے میں اضافہ کیا گیا ہے اور سیاچن میں تعینات فوجیوں کو 14 ہزار کی جگہ 30 ہزار روپئے اور حکام کو 30 ہزار کی جگہ 42500 روپئے بھتہ ملے گا۔انہوں نے کہاکہ ساتویں پے کمیشن نے 95 طرح کے بھتوں کو برقرار رکھنے اور 53 بھتوں کو ختم کرنے کی سفارش کی تھی جبکہ کابینہ نے 108 بھتوں کو برقرار رکھا ہے ، 34 کا دیگر بھتوں میں انضمام کردیا گیا ہے اور صرف 43 کو ختم کیا ہے ۔ ریلوے سے متعلق 12 بھتوں پر بعد میں فیصلہ کیا جائے گا۔سرکاری ملازمین کے ہاؤس الاؤنس مہنگائی بھتہ کے ساتھ بڑھانے کی بھی منطوری دی گئی ہے ۔ کمیشن کی سفارش کے مطابق اب شہروں کے تین زمرے ایکس، وائی، زیڈ ہوں گی۔ ان کے لئے بالترتیب 24 فیصد، 16 فیصد اور آٹھ فیصد ہاؤس الاؤنس دیا جائے گا۔ لیکن جیسے ہی مہنگائی بھتہ بیسک سیلری کے 25 فیصد پر پہنچ جائے گا، ہاؤس الاؤنس بالترتیب 27، 18 اور نو فیصد تک اور مہنگائی بھتہ 50 فیصد ہونے پر 30، 20 اور 10 فیصد ہوجائے گا۔ کم از کم ہاؤس الاؤنس بالترتیب 5400 روپئے ، 3600 روپئے اور 1800 روپئے ہوگا۔جیٹلی نے کہاکہ پنشن یافتگان کے فکسڈ میڈیکل الاؤنس کو دو گنا کردیا ہے ۔ اسے اب 500 روپئے ماہانہ سے بڑھا کر ایک ہزار روپے ماہانہ کردیا گیا ہے ۔ اسی طرح سے مکمل طور پر معذور افراد کو ملنے والے بھتے کو بھی 4500 روپئے ماہانہ سے بڑھا کر 6750 روپئے ماہانہ کردیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ نرسوں اور اسپتالوں کے وزارت میں تعینات ملازمین کے بھتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔ نرسنگ بھتہ کو اب 4800 روپئے ماہانہ سے بڑھا کر 7200 روپئے ماہانہ کردیا گیا ہے ۔ اسی طرح سے آپریشن تھیٹر بھتہ کو 360 روپے ماہانہ سے بڑھا کر 540 روپے ماہانہ کردیا گیا ہے ۔ ہاسپٹل پیشنٹ کیئر/پیشنٹ کیئر بھتہ کو 2070 روپئے سے 2100 روپئے ماہانہ کو بڑھا کر 4100 روپئے اور 5300 روپئے کردیا گیا ہے ۔ وزارت میں تعینات ملازمین کو ہاسپٹل پیشنٹ کیئر/پیشنٹ کیئر بھتہ ملے گا اور اس سلسلے میں ساتویں پے کمیشن کی سفارشات میں ترمیم کی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ فوجیوں کو پرامن جگہوں پر ملنے والا راشن بھتہ اب نقد ملے گا اور یہ راست ان کے بینک کھاتے میں منتقل کیا جائے گا۔ملازمین کے یونیفارم سے متعلق بھتوں کو ایک ساتھ ملا کر اس کا نام اب ڈریس بھتہ کردیا گیا ہے ۔ اس کیلئے چار ہزار سلیب بنائے گئے ہیں جو پانچ ہزار روپئے ، 10 ہزار روپئے ، 15 ہزار روپئے اور 20 ہزار روپئے سالانہ ہوگا۔ حالانکہ نرسوں کو یہ ماہانہ ملے گا اور اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس پی جی) کے لئے زیادہ ہوگا۔اسی طرح سے ٹچ لوکیشن بھتہ دیا جائے گا جس میں رموٹ لوکیلیٹی بھتہ اور سندر بن بھتہ اور قبائلی علاقہ بھتہ کو جوڑ دیا گیا ہے ۔ یہ 1000 روپے سے لے کر 5300 روپئے ماہانہ ہوگا۔ ملازمین کو ملنے والے چائلڈ ایجوکیشن بھتہ کو 1500 روپئے ماہانہ سے بڑھا کر 2250 روپئے ماہانہ کردیا گیا ہے جو زیادہ سے زیادہ دو بچوں کیلئے ہوگا۔ اسی طرح سے ہاسٹل میں رہنے والے بچوں کیلئے بھتہ اب 4500 روپئے ماہانہ سے بڑھ کر 6750 روپئے ہوگیا ہے ۔معذور خاتون ملازمین کو بچوں کی دیکھ بھال کیلئے مل رہے خصوصی بھتہ کو 1500 روپئے سے بڑھا کر تین ہزار روپئے کردیا گیاہے ۔ ملازمین کی اعلی تعلیم کو ترغیب دینے کیلئے دیئے جانے والے بھتہ کو 10000-2000 روپئے سے بڑھا کر 30000۔10000 روپئے کر دیا گیا ہے ۔