مودی کا ہند۔فرانس تعلقات کو مستحکم بنانے کا اعلان

پیرس، 03 جون (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہند ۔ فرانس تعلقات کو کاروبار اور ٹیکنالوجی سے لے کر تعلیم اور توانائی تک مختلف شعبوں میں مستحکم بنانے کا آج اعلان کیا۔مسٹر مودی نے یہاں ایلیزے پیلیس میں فرانس کے صدر ایمینو ئیل میخواں کے ساتھ باہمی میٹنگ کے بعد اپنے بیان میں کہا، “چاہے کاروبار اور ٹیکنالوجی،اختراع اور سرمایہ کاری ہو یا توانائی، تعلیم اور انٹرپرینیورشپ، ہم ہند۔ فرانس کے رشتوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ “وزیر اعظم نے پیرس ماحولیاتی معاہدے کے تعلق سے ہندوستان کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ”مستقبل کی نسلوں کے لئے دھرتی ماں اور ہمارے قدرتی وسائل کی حفاظت کے تئیں ہماری عہد بستگی ہے۔ پیرس معاہدہ دنیا کی ایک مشترکہ وراثت ہے۔ اس سے آنے والی نسلوں کو فائدہ ہو گا۔ “انہوں نے کہا،” ہمارے لئے یہ عقیدے کا معاملہ ہے۔ ہمارے پاس قدرتی وسائل ہیں کیونکہ ہمارے آبا واجداد نے اسے محفوظ رکھا.۔ہمیں بھی اپنی آنے والی نسلوں کے لئے یہی کرنا ہے۔ “دہشت گردی پر مسٹر مودی نے کہا کہ یہ دنیا کے سامنے سب سے بڑے چیلنجوں میں سے ایک ہے جس سے مل جل کر ہی مقابلہ کرنا ہو گا۔ میٹنگ کے بعد جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ہند۔ فرانس کے دو طرفہ رشتے اور کثیر فریقی فورموں پر رشتے کافی مستحکم ہیں۔مسٹر مودی نے ہندوستان اور فرانس ثقافتی تعلقات کو بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دونوں عالمی جنگوں میں متعدد ہندوستانیوں نے حصہ لیا تھا۔ انہوں نے فرانس کے صدر کے تئیں اس بات کے لیے شکریہ ادا کیا کہ وہ ان کے ساتھ عالمی جنگوں میں قربانی دینے والے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے آرک ڈی ٹرمف گئے۔ فرانس کے صدر نے دونوں عالمی جنگوں میں ڈیڑھ لاکھ فوجیوں کی قربانی پرانہیں خراج عقیدت پیش کیا۔مسٹر میخواں نے کہا کہ انہوں نے اور مسٹر مودی نے دہشت گردی کے مسئلے پر بات چیت کی ہے۔ فرانس ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں ہندوستان کے ساتھ ہے۔ ہندوستان بھی فرانس کے ساتھ ہمیشہ رہا ہے۔فرانسیسی صدر نے کہا کہ اس سال کے آخر میں وہ ہندوستان کا دورہ کریں گے۔. انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور فرانس ماحولیات کے تحفظ کے لئے بہت کچھ کر سکتے ہیں۔مسٹر میخواں کے ساتھ رشتوں میں گرمجوشی کا ثبوت دیتے ہوئے مسٹر مودی نے انہیں گلے لگایا۔مسٹر مودی شام ?وپیرس سے وطن روانہ ہو گئے۔