میرا نے پرچہ داخل کیا،کہا؛یہ دو نظریات کی لڑائی ہے

نئی دہلی، 28 جون (یواین آئی) اپوزیشن کی صدارتی عہدے کی امیدوار میرا کمار نے آج یہاں اپنا کاغذات نامزدگی داخل کیا۔سترہ اپوزیشن پارٹیوں کی امیدوار اور سابق لوک سبھا اسپیکر محترمہ کمار نے پارلیمنٹ ہاؤس میں الیکشن افسر اور لوک سبھا کے سیکرٹری جنرل انوپ مشرا کے سامنے اپنے کاغذات نامزدگی کے چار سیٹ داخل کئے ۔محترمہ کمار کے ساتھ کانگریس صدر سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار، ترنمول کانگریس کے ڈیریک او برائن، مارکسی کمیونسٹ پارٹی کے سیکرٹری جنرل سیتا رام یچوری، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیاکے سیکرٹری ڈی راجہ، ڈی ایم کے رہنما کنی موجھی، بہوجن سماج پارٹی کے جنرل سکریٹری ستیش چندر مشرا اور سماج وادی پارٹی کے نریش اگروال موجود تھے ۔پنجاب کے وزیر اعلی امرندر سنگھ، کرناٹک کے وزیر اعلی سددھیرمئیا، پڈوچیری کے وزیر اعلی وی نارائن سوامی، ہماچل پردیش کے وزیر اعلی ویر بھدر سنگھ، راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد، لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملک ارجن کھڈگے بھی اس موقع پر موجود تھے ۔اس سے پہلے آج ہی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے )کے امیدورار رام ناتھ کووند کی جانب سے بھی کاغذات نامزدگی کا چوتھا سیٹ داخل کیا گیا۔ مسٹر کووند کاغذات نامزدگی کے تین سیٹ 23 جون کو داخل کر چکے ہیں۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد محترمہ کمار نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا کہ یہ انتخابات نظریات کی لڑائی ہے ۔ اس وقت ملک چوراہے پر کھڑا ہے ۔ ایک راستہ تنگ نظری اور تنگ دلي کا ہے جس میں دلتوں اور مظلوم کے مفادات کی بات نہیں ہوتی ہے جبکہ دوسرا خواتین، مظلوم، غریب اور تمام مذاہب کے وقار برقرار رکھنے کا ہے ۔ انہوں نے بار بار کہا کہ ان نظریات جمہوری اقدار، تکثیر ی سماج ، پریس اور اظہار رائے کی آزادی اور شفافیت برقرار رکھنے اور ذات پات کے نظام کے خاتمے کی ہے ۔محترمہ کمار نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ہم نے ان خیالات کو صرف الفاظ سے نہیں بلکہ صحیح معنوں میں لاگو کیا ہے ۔ انہوں نے الیکٹورل کالج کے تمام ارکان سے ایک بار پھر ضمیر کی آواز کی آواز پر ووٹ دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید پر انتخاب لڑ رہی ہیں اور اعتماد ظاہر کیا کہ انہیں سب کی حمایت حاصل ہوجائے گی ۔ سابق لوک سبھا اسپیکر نے بتایا کہ وہ کل احمدآباد پہنچ کر سابرمتی سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گی۔ اگلے دن ممبئی اور پھر بنگلور اور چھ جولائی کو بہار جائیں گی۔ کاغذات نامزدگی بھرنے سے پہلے محترمہ کمار نے صبح بابائے قوم مہاتما گاندھی کی سمادھی راج گھاٹ اور اپنے باپ سابق نائب وزیر اعظم جگ جیون رام کی سمادھی ‘سمتا استھل’ پر جاکر دونوں کو یاد کیا۔