نتیش کا حملہ:ہرانے کیلئے بنایا میرا کوامیدوار

پٹنہ 23 جون (تاثیر بیورو):وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے میرا کمار کو ہرانے کیلئے صدارتی امیدوار بنایا ہے، کامیاب بنانے کیلئے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سلسلے میں جو فیصلہ کیا ہے وہ سبھی رہنماؤں سے بات چیت کے بعد اور سوچ سمجھ کر کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے این ڈی اے امیدوار رام ناتھ کووند کی حمایت سے متعلق اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دل میں میرا کمار جی کیلئے بڑا احترام ہے لیکن بہار کی بیٹی کو ہرانے کیلئے نامزد کیا جانا صحیح نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی آزادانہ طور پر فیصلے کئے ہیں۔ جب ہم این ڈی اے میں تھے اس وقت بھی ہم نے پرنب مکھرجی کی امیدواری کی حمایت کی تھی۔ وزیراعلیٰ جمعہ کو آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو کی سرکاری رہائش گاہ 10 سرکلر روڈ پر منعقد افطار پارٹی میں شرکت کی اور اتحاد کے سبھی رہنماؤں سے گرم جوشی سے ملے۔ اس سے قبل نتیش کمار نے صدارتی انتخاب کیلئے این ڈی اے کے امیدوار رام ناتھ کووند کو اپنی حمایت دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس پر لالو یاد ونے انہیں سیاسی غلطی نہ کرنے کی تلقین کی تھی۔ دونوں طرف سے صدارتی امیدوار کے نام کااعلان کے بعد جمعہ کو پہلی بار لالو نتیش ایک ساتھ نظر آئے۔ 17 جون کو وزیراعلیٰ نتیش کمار نے بھی افطار پارٹی دی تھی اس میں لالو یادو اپنے دونوں بیٹوں کے ساتھ شریک ہوئے تھے۔ لالو یادو ان دنوں سخت آزمائش کے دور سے گزررہے ہیں۔ ان کی بیٹی میسا بے نامی جائیداد کے معاملے میں پھنسی ہوئی ہیں اور خود لالو یادو چارہ گھوٹالے کے معاملے میں عدالت کا چکر لگارہے ہیں۔ اس سے قبل آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے دہلی سے واپس لوٹنے کے بعد یہاں صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے آر ایس ایس کے نمائندے رام ناتھ کووند کو صدر کے عہدے کا امیدوار اعلان کئے جانے سے پہلے تک مسٹرکمار اپوزیشن کی جانب سے مشترک امیدوار دینے کے حق میں تھے لیکن اس دوران نہ جانے کیا کھچڑی پکی کہ انہوں نے اپنی راہ ہی بدل دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی مسٹر کمار کے ہی بتائے راستے ‘سنگھ مکت بھارت’ پر چل رہے ہیں۔ آر جے ڈی صدر نے مسٹر کمار سے آرایس ایس کے نمائندے رام ناتھ کووند کو حمایت دینے کے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کی ایک بار پھر گزارش کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنے فیصلے پر اڑے رہے تو یہ ان کی تاریخی بھول ہوگی۔