نشہ بندی کے بعد بہار کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا : نتیش

سپول 15جون (نمائندہ): وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج سپول ضلع کے ویر پور میں کوشکی بھون کے افتتاح کے ساتھ ہی 544 کروڑ روپئے کے 44 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور 81 دیگر منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ بعد میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ سب سے پہلے میں آپ سب کا خیر مقدم کرتا ہوں اور آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کیونکہ آج جس عمارت کا افتتاح ہوا ہے وہ کثیرالمقاصد ہے۔ 2008میں کوسی المیہ کے بعد یہ طے ہوا تھا کہ کوسی کی تعمیر نو ہوگی۔ اسی سلسلے میں اس کی تعمیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس عمارت کا نام کوشکی بھون اس لئے رکھا گیا کیونکہ ماضی میں کوسی کو کوشکی کہا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آج افتتاح کرنے کے بعد میں نے اس عمارت کا معائنہ کیا ہے۔ یہاں ہر طرح کے دفاتر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سپول ضلع میں آپسی محبت اور بھائی چارہ کا ماحول ہے۔ یہ ماحول جہاں بھی رہے گا وہاں کام تیزی سے ہوگا اور انہوں نے کہا کہ ہر حال میں آپسی بھائی چارہ بنائے رکھیں اور ایک دوسرے کا احترام کرنا سیکھیں۔ انہوں نے کہا کہ آج جن منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے ان میں گورنمنٹ پالیٹکنک عمارت کی تعمیر بھی شامل ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہاں کے لوگوں کواعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے باہر نہ جانا پڑے ۔ اس کیلئے ہر ضلع میں انجینئرنگ کالج، مہیلا پالیٹکنک، جے ایم ایم کالج، پارا میڈیکل کالج اور ہر سب ڈویژن میں آئی ٹی آئی اور اے این ایم کالج کے علاوہ 5 نئے میڈیکل کالج اور ہر میڈیکل کالج میں ایک نرسنگ کالج بھی کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سات عزائم کے تحت ٹولہ سمپرک منصوبہ ہے۔ ہم سروے کراکر گاؤں کے ٹولوں کوبھی پختہ سڑک سے جوڑیں۔ آج ایسی سات سڑکوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہاں لوگ لڑانے میں لگے ہوئے ہیں اور ہم سماجی برائیوں کو دور کرنے میں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شراب بندی سے معاشرے میں خوشگوار تبدیلی آئی ہے اور اب ہم نشہ بندی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ جب نشہ سے پاک معاشرے کی تشکیل ہوگی تو بہار کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔