وزیر اعلیٰ شیوسنگھ راج کی بھوک ہڑتال ختم

بھوپال، 11 جون (یواین آئی) مدھیہ پردیش میں کسان تحریک کے دوران بھڑکے تشدد کے بعد امن بحال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کی کل سے یہاں جاری غیرمعینہ مدت کی بھوک ہڑتال آج ختم ہو گئی ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر کیلاش جوشی اور بہت سے بزرگ کسانوں نے اسٹیج پر وزیر اعلی کو ناریل پانی پلا کر انکی بھوک ہڑتال ختم کرائی ۔ بھوک ہڑتال ختم کرنے سے پہلے وزیر اعلی مسٹر چوہان نے ریاست کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ریاست میں افراتفری پھیلانے والے عناصر کو الگ تھلگ کردیں اور ریاست کو ایک بار پھر امن کا گہوارہ بنانے میں مدد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کے دوران بے گناہوں پر کوئی کارروائی نہیں ہوگی، لیکن ‘شیطانیت’ اور ‘حیوانیت’ پھیلانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ مندسور ضلع میں تشدد میں مرنے والے لوگوں کے لواحقین نے بھی ان سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے وہاں موجود عوام سے پوچھا کہ ریاست میں دو دن سے تشدد کی کہیں سے کوئی خبر نہیں آئی ہے ، کیا انہیں بھوک ہڑتال ختم کرنی چاہئے ، جس پر سبھی نے ہاں میں جواب دیا۔ وہیں کسانوں کے مسائل کے حل کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے ریاست میں دودھ خریداری کے لئے امول فارمولا نافذ کرنے ، زرعی پیداوار لاگت اور مارکیٹنگ کمیشن بنانے ، قیمتوں میں استحکام کے لئے ایک ہزار کروڑ روپے کا فنڈ قائم کرنے اور سوامیناتھن کمیشن کی سفارشات کی بنیاد پر اسٹیٹ لینڈ یوز ایڈوائزری سروس بنانے کا بھی اعلان کیا۔