پوجا بھٹ 16 سال بعد سلور اسکرین پر واپسی کیلئے تیار

ممبئی،۱۹؍جون(پی ایس آئی)بالی وڈ کی نامور اداکارہ پوجا بھٹ 16 سال بعد ایک بار پھر سلور اسکرین پر جلوہ گر ہونے کو تیار ہیں۔بالی وڈ اداکارہ پوجا بھٹ نے فنی کیرئیر کا آغاز 1990 میں فلم ’’ڈیڈی‘‘ سے کیا لیکن انہیں شہرت فلم ’’دل ہے کہ مانتا نہیں‘‘ سے ملی جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور کئی سپر ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔پوجا بھٹ نے فلمی کیرئیر میں نامور اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے جس میں عامر خان ، شاہ رخ خان ، سنجے دت اور سنیل شیٹھی سمیت کئی شامل ہیں جب کہ اداکارہ نے 2001 میں کیرئیر کے عروج پر ہی اداکاری کو خیرباد کہتے ہوئے فلمسازی اور ہدایت کاری کے میدان میں قسمت آزمانا شروع کردی تھی لیکن اب پوجا بھٹ ایک بار پھر اداکاری کرتے نظر آنے والی ہیں۔بالی وڈ اداکارہ پوجا بھٹ 16 سال کے طویل وقفے کے بعد سلور اسکرین پر مصنف ابھیک بارو کے ناول ’’سٹی آف ڈیتھ‘‘ پر بننے والی فلم سے واپسی کررہی ہیں جب کہ فلم میں اداکارہ شرابی پولیس افسر کے روپ میں دکھائی دیں گے۔خیال رہے کہ پوجا بھٹ نے 2016 سے شراب نوشی سے توبہ کر رکھی ہے لیکن اب ایک شرابی پولیس افسر کا کردار ادا کرنے نے انہیں پریشان کردیا ہے جب کہ اداکارہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ میرے دوست کاستو نرائن کی جانب سے فلم میں شرابی پولیس افسر کا کردار کی پیش کش کرنے پر حیران رہ گئی تھی کیوں کہ اداکاری میری ترجیح نہیں ہے لیکن فلمساز شیل کمار نے فلم کے کردار کے لیے قائل کیا۔واضح رہے کہ پوجا بھٹ 2001 میں آخری بار فلم ’’ایوری بڈی سیز آئی ایم فائن‘‘ میں نظر آئیں تھیں۔