پٹنہ میونسپل کارپوریشن پر خواتین کا قبضہ

پٹنہ 09جون(تاثیر بیورو):پٹنہ میونسپل کارپوریشن پر خواتین کا قبضہ ہوگیا ہے۔ کارپوریشن کے 75 وارڈوں میں سے 49 پر خواتین نے جیت درج کی ہے۔جبکہ26 پر مرد امیدوار کامیاب قرار دیئے گئے ہیں۔اس بار زیادہ تر نئے چہرے ہی جیت کر آئے ہیں۔ کئی پرانے امیدوار اس بار انتخاب ہار گئے ہیں۔ کارپوریشن انتخاب میں خواتین کیلئے 50 فیصد ریزرویشن ہے اور اس بار میئر کا عہدہ بھی خواتین کیلئے محفوظ ہے۔ پٹنہ میونسپل کارپوریشن کی سابق ڈپٹی میئر اور اس بار میئر کے عہدے کی دعویدار امراوتی انتخاب ہار گئی ہیں۔امراوتی کے شوہر بھی انتخاب ہار گئے ہیں۔سابق ڈپٹی میئر روپ نارائن مہتا بھی انتخاب ہار گئے ہیں۔ کارپوریشن کی لگاتار پانچ نشستوں میں حصہ نہ لینے کے الزام میں حکومت نے انہیں ہٹا دیا تھا۔ وارڈ نمبر 39 نے سابق میئر سنجے کمار بھی چناؤ ہار گئے ہیں۔ اس وارڈ سے پٹنہ واٹر بورڈ کے سابق چیئرمین آنجہانی اشوک یادو کی اہلیہ بھارتی دیوی چناؤ جیتنے میں کامیاب رہی ہیں۔ میئر افضل امام کی اہلیہ مہ جبیں بھی انتخاب جیت گئی ہیں۔ سابق ایم ایل سی انور احمد کے بیٹے اشرف احمد وارڈ نمبر 40 سے منتخب قرار دیئے گئے ہیں۔ شہزادی بیگم انتخاب ہار گئی ہیں۔ کھگول وارڈ نمبر 26 سے سنگیتا کماری کامیاب قرار دی گئی ہیں۔ جبکہ وارڈ نمبر 2,3 اور 4 سے بلامقابلہ خواتین امیدوار منتخب قرار دی گئی ہیں۔ وارڈ نمبر 5 سے دیپا رانی خان منتخب قرار دی گئی ہیں۔ جبکہ وارڈ نمبر 22 سی سے رجنی دیوی منتخب ہوئی ہیں۔ وارڈ نمبر 30 سے کاویری سنگھ، وارڈ نمبر 49 سے سیما ورما اور وارڈ نمبر 50 سے آرزو کے علاوہ 51 سے ونود کمار، 55 سے کنچن کمار، 60 سے شوبھا دیوی اور 61 سے اوشا دیوی منتخب قرار دی گئی ہیں۔ پھلواری شریف وارڈ ایک سے نوشاد ہاشمی 580 ووٹ لے کر انتخاب جیتے ہیں۔ دوسرے نمبر پر 140 ووٹ لے کر جتیندر کمار رہے۔ نگر پنچایت کے وارڈ نمبر 4 سے فرید حسین خان نے جیت درج کی ہے۔ دانا پور نگر پریشد کے سابق ڈپٹی میئر راج کشور یادو انتخاب جیت گئے ہیں۔ منیر نگر پنچایت کے وارڈ نمبر 13 سے آشاد یوی کامیاب قرار دی گئی ہیں۔ بختیار پور وارڈ نمبر 8 سے شیاما دیوی ، منیرنگر پنچایت وارڈ نمبر 19 سے مینا دیوی اور کھگول وارڈ نمبر 33 سے جیتیش کمارکامیاب قرار دیئے گئے ہیں۔ پٹنہ میونسپل کارپوریشن کے ریٹرننگ افسر اور ڈی ڈی سی امریندر کمار نے بتایا کہ انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد فاتح امیدواروں کو سرٹی فیکٹ دے دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پٹنہ کے میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب 19 جون کو ہوگا۔