کشمیر میں حالات قابو میں : راجیہ وردھن سنگھ

نئی دہلی، 6؍جون(آئی این ایس انڈیا ) اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر مملکت راجیہ وردھن سنگھ راٹھور نے جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ حملوں کے پیش نظر موجودہ حالات پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے دعوی کیا کہ کشمیر میں حالات کنٹرول میں ہیں۔مرکزی وزیرمملکت راٹھور نے منگل کو کہا کہ کشمیر میں حالات پہلے کے مقابلے بہتر ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں حالات خراب نہیں ہیں اور وہاں فوج مکمل طور پر آزاد ہے۔انہوں نے میڈیا پر خبروں کو سنسنی خیز بنانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ عوام وہ دیکھتی ہے جو کیمرہ دکھاتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ پیر کی صبح دہشت گردوں نے باندی پورہ کے سنبل علاقے میں سی آر پی ایف کے 45بٹالین کے کیمپ میں گھسنے کے لیے فائر نک کی تھی ، دہشت گردوں نے پہلے دستی بم سے حملہ کیا، پھر بھاری فائرنگ کی، حالانکہ وہاں تعینات جوانوں نے چار دہشت گردوں کو ڈھیر کرکے ان کے منصوبوں کو ناکام کر دیا۔