کووند کوملاادھو اور ملائم کا ساتھ

نئی دہلی 20 جون (تاثیر بیورو): این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند کی حمایت بڑھتی جارہی ہے۔ اب شیوسینا کا رخ بھی نرم پڑ گیا ہے۔ شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے آج رام ناتھ کووند کی امیدواری کو صحیح ٹھہراتے ہوئے ان کی حمایت کی بات کہی۔ اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ دلت سماج کا ووٹ لینے کیلئے اگر دلت چہرہ اتارا جارہا ہے تو اس میں ان کی کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ صدر جمہوریہ کے عہدے پر دلت سماج کے کسی فرد کو صرف اس لئے نہیں بیٹھانا چاہئے کہ وہ دلت ہے۔ صدر جمہوریہ پورے ملک کا بھلا کرنے والا ہونا چاہئے اگر اس نقطہ نظر سے کوئی امیدوار منتخب کیا گیا ہوتا توہم ساتھ رہتے۔ لیکن ووٹوں کی سیاست کیلئے کسی دلت کو امیدوار بنایا جانا شیوسینا کومنظور نہیں ہے۔ ادھر سماجوادی پارٹی کے سرپرست اعلیٰ ملائم سنگھ یادو نے بھی رام ناتھ کووند کی امیدواری کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ این ڈی اے نے بہترین امیدوار اتارا ہے۔ میرے ان سے بہت اچھے تعلقات رہے ہیں۔ بی جے پی کے پاس اکثریت ہے ،اگر ایک فیصد یا پانچ فیصد کیلئے ضروری پڑی تو بی جے پی مینج کرلے گی، پتہ نہیں اپوزیشن کی کیا سونچ ہے۔ اس کے ساتھ ہی ملائم سنگھ نے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ڈنر کی دعوت بھی منظور کرلی ہے۔ یہ دعوت آج رات وزیراعظم نریندر مودی کے اعزاز میں دی جارہی ہے۔ بہار کے وزیراعلیٰ اور جنتا دل یو کے سربراہ نتیش کمار نے سابق گورنر رام ناتھ کووند کو این ڈی اے کی طرف سے صدارتی امیدوار بنائے جانے پر خوشی کا اظہار کیا تھا اورراج بھون جاکر انہیں مبارکباد بھی پیش کی تھی۔ لیکن حمایت کے بارے میں انہوں نے یہ کہا تھا کہ اتحاد کے رہنماؤں سے صلاح ومشورہ کے بعد ہی وہ اس بارے میں کچھ کہیں گے۔ کانگریس کی قیادت میں اپوزیشن نے اس سلسلے میں 22جون کو دہلی میں میٹنگ طلب کی ہے۔ لیکن اس سے ایک دن قبل 21 جون کو وزیراعلیٰ نتیش کمار نے پتنہ میں جنتا دل یو کی میٹنگ طلب کی ہے، تاکہ رام ناتھ کووند کی حمایت پر صلاح ومشورہ کیا جاسکے۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس میٹنگ کے دوران جنتا دل یو کے سینئر رہنما اس پر اپنی تفصیلی رائے پیش کریں گے۔