ہائی صباء۔۔۔! میں ودیا بالن ہوں

لاہور: پاکستانی اداکارہ صباءقمر اور بھارتی اداکار عرفان خان کی فلم ”ہندی میڈیم“ نے ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر دھوم مچا دی ہے اور کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہی ہے۔ اس کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بالی ووڈ کی بڑی بڑی ہستیاں بھی یہ فلم دیکھ رہی ہیں اور پسندیدگی کے ووٹ دے رہی ہیں۔ بھارتی اداکارہ ودیا بالن نے بھی فلم دیکھنے کا پروگرام بنایا تو وہ اس قدر لطف اندوز ہوئیں کہ صباء قمر کو مبارکباد دینے کے لئے نہ صرف ان کا موبائل نمبر ڈھونڈا بلکہ انہیں واٹس ایپ پیغام بھی بھیج دیا جسے دیکھ کر یقینا صباء قمر کی آنکھیں بھی کھلی کی کھلی رہ گئی ہوں گی۔ صباء قمر کے موبائل پر موصول ہونے والا پیغام کچھ یوں تھا ”ہائی صباء۔۔۔! میں ودیا بالن ہوں۔ آج ہندی میڈیم دیکھی اور تمہارا نمبر زینت سے لیا۔ میں تمہیں صرف یہ بتانا چاہتی ہوں تم فلم میں بہت زبردست ہو۔ یہ ایک ایسا کردار تھا جسے مہم جو ہونے کے باعث کوئی بھی ناپسند قرار دے سکتا تھا لیکن تم نے اسے لوگوں کے لئے بہتر بنا کر قابل یقین اور پسند آنے والا کردار بنا دیا۔۔۔ واقعی بہت ہی زبردست۔ تمہاری کارکردگی اور فلم کی بڑی کامیابی پر تمہیں مبارکباد دیتی ہوں۔ نیک تمنائیں۔“ بھارتی اداکارہ کی جانب سے موصول ہونے والا یہ پیغام سامنے آنے کے بعد پاکستانیوں کی اس فلم میں دلچسپی اور بھی بڑھ گئی ہے اور ہر کوئی اسے دیکھنے کے لئے سینماﺅں کا رخ کر رہا ہے۔