ذائقے سے بھرپور آم کے حیران کن فوائد

ویسے تو یہ کافی حد تک لوگوں کو علم ہے کہ ہائی بلڈ پریشر کو صحت مند غذا کی مدد سے کافی حد تک بہتر کیا جاسکتا ہے مگر آم کھانا اس حوالے سے زیادہ مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ ٹیکساس کی اے اینڈ ایم یونیورسٹی اور اوکلاہاما اسٹیٹ یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق کے مطابق موسم گرما میں ہر ایک کو پسند یہ پھل متعدد طبی فوائد کا حامل ثابت ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق آم کو کھانا بلڈ پریشر کو بہتر کرتا ہے، بلڈ شوگر کو کنٹرول جبکہ پیٹ کی صحت بہتر بناتا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ آموں کو کھانے کی عادت میٹابولک امراض اور ورم کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ اس تحقیق کے دوران مختلف رضاکاروں کو چھ ہفتوں تک روزانہ آموں کا چار سو گرام گودا کھلایا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ آم کے استعمال سے جسم میں ورم کش فوائد بڑھے اور عام طور پر یہ ورم ہی ہائی بلڈ پریشر کی وجہ بنتا ہے۔ محققین کا کہنا تھا کہ آم کو کھانے سے خون کی شریانوں کی صحت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے جس سے ہائی بلڈ پریشر کے ساتھ امراض قلب اور فالج وغیرہ کا خطرہ بھی کم کیا جاسکتا ہے۔ یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ ہائی بلڈ پریشر کے نتیجے میں دل اور خون کی شریانوں پر اضافی بوجھ بڑھتا ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ہارٹ اٹیک یا فالج کا باعث بن جاتا ہے۔