گلوکارہ اڈیل کا عبایہ پہنے آتشزدگی سے متاثرہ گریفنل ٹاور کا دورہ

معروف برطانوی گلوکارہ اڈیل نے لندن کے مغربی علاقے کینسنگٹن میں واقع 24 منزلہ رہائشی عمارت میں آتشزدگی کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں منعقدہ دعائیہ تقریب میں شرکت کی ہے۔ انھوں نے عبایہ پہن رکھا تھا۔24 منزلہ رہائشی عمارت میں آتشزدگی کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12 سے بڑھ کر 17 ہو گئی ہے۔برطانوی گلوکارہ اڈیل کو شمالی کینسنگٹن میں آتشزدگی سے متاثرہ عمارت کے قریب دیکھا گیا۔ گلوکارہ نے متاثرہ عمارت کے دورے کو زیادہ نمایاں نہیں کیا جبکہ اس موقع پر ان کے چند مداحوں نے انھیں وہاں پر دیکھا بھی۔اس کے علاوہ دیگر سٹارز نے بھی عمارت کے متاثرین کی مدد کی پیشکش کی ہے اور ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ان میں جرمی کلارکسن، للیِ ایلن، جیمی اولیور اور فیرن کاٹن شامل ہیں۔کلارکسن نے کینسنگٹن کے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ کپٹروں یا دیگر کسی بھی ممکنہ چیز کے ذریعے ان متاثرین کی مدد کریں جو بے گھر ہو گئے ہیں جبکہ اولیور نے ویسٹ فیلڈ میں واقع ایک ریستوران میں متاثرین کو پناہ اور خوراک کی پیشکش کی ہے۔اداکار اور ڈائریکٹر نول کلارک بھی متاثرہ عمارت گرینفل ٹاور متاثرین کی مدد کے لیے پہنچے تھے اور اپنے مداحوں سے کہا تھا کہ وہ بھی ان کی پیروی کریں۔انھوں نے ان لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے خوراک، پانی اور ملبوسات بھیجے اور متاثرین کی مدد کرنے والوں کی متعدد تصاویر اور ویڈیوز کو اپ لوڈ کیا۔خیال رہے کہ آگ لیٹیمر روڈ پر واقع گرینفل ٹاور میں منگل کی شب سوا ایک بجے لگی اور کئی گھنٹوں بعد اس پر قابو پانا ممکن ہو سکا۔گرینفل ٹاور میں سینکڑوں افراد رہائش پذیر تھے اور واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انھوں نے متعدد افراد کو اپنے گھروں میں پھنسے ہوئے دیکھا تھا۔کنسنگٹن اور چیلسی کونسل کے مطابق یہ عمارت 24 منزلہ ہے اور اس میں 120 فلیٹس ہیں۔