ریاست میں اعلیٰ تعلیم کو معیاری بنانا ضروری :گورنر

پٹنہ، 18 جون (اسٹاف رپورٹر)۔ ہماری یہ کوشش ہونی چاہئے کہ بہار کا اعلیٰ تعلیم مکمل طور معیاری ہو۔ ریاست میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کے لئے حکومت کی سطح پر کوشش جاری ہے۔ امید ہے، مستقبل قریب میں قابل اساتذہ مقرر ہوکر یونیورسٹیوں میں اپنی ذمہ داری بخوبی سنبھال لیں گے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار گورنر رام ناتھ کووند نے مقامی انوگرہ نارائن کالج کے ’یوم تاسیس مع انوگرہ بابو جینتی تقریب‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں راج بھون میں میری مدت کے دوران وائس چانسلروں کا تیسری کانفرنس منعقد کی گئی تھی، جس میں وزیر اعلیٰ اور وزیر تعلیم بھی موجود تھے۔تب نو مقرر وائس چانسلروں نے اپنا ’پریزنٹیشن‘ دے کر اپنی اپنی یونیورسٹی کے مستقبل کی موثر ترقی کا خاکہ پیش کیا تھا۔ گورنر نے امید ظاہر کی کہ مگدھ یونیورسٹی بھی اپنی کام منصوبہ کے مطابق تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن ہوگی۔ گورنر نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو اپنے اکادمک کلینڈر‘ کا کومضبوطی کے ساتھ تعمیل یقینی بنانا چاہئے۔وقت پر داخلہ، کلاس آپریشن، امتحان کا انعقاد، نتائج کی اشاعت اور تقسیم اسناد کی کارروائی اگر ہونے لگے، تو یونیورسٹی کی سرگرمیوں میں خود بخود واضح سدھار دکھنے لگیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ادکادمک تعلیم کے حصول کے لئے صرف اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے طلباء کو ہنرمند بنانے کی کوشش ہونی چاہئے۔ نوجوانوں کا اسکل ڈیولپمنٹ وقت کی سب سے بڑی ضرورت اور چیلنج دونوں ہے۔ ہمیں مرکز اور ریاستی حکومت کے مختلف منصوبوں کا فائدہ اٹھا کر طلبا کو باروزگار بھی بنانے پر توجہ دینی چاہئے۔ گورنر مسٹر کووند نے کہا کہ دراصل، تعلیم کا مقصد صرف روزگار حاصل کرنا ہی نہیں ہونا چاہئے۔ یونیورسٹیوں اور کالجوں کو اپنی سماجی اور قومی افادیت بھی ثابت کرنی ہوگی۔ ملک کی آبادی کے حساب سے دیکھیں تو بھارت میں 65 فیصد نوجوانوں کی آبادی ہے۔ ہماری نوجوان قوت ہی ہماری قوم کا اصل سرمایہ ہے۔اس کا مثبت استعمال ملک کی تعمیر نو میں ہونا چاہئے۔ کالجوں، یونیورسٹیوں کو انسداد نشہ، جہیز خاتمہ اور حفظان صحت مہم جیسے پروگراموں میں اپنا براہ راست رول یقینی بنانا چاہئے۔ گورنر نے بھارت کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کا بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے مرکز یونیورسٹیوں اور کالجوں کو رواداری، اختراعی تحقیق اور استعمال، انسانیت اور سچ کی تلاش کے لئے ہمیشہ چوکنا اور مستعد رہنا چاہئے۔ پروگرام میں مگدھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر قمراحسن اور پرنسپل پروفیسر ایس پی شاہی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ پروگرام میں اظہار تشکر ڈاکٹر ارون کمار نے کیا، جبکہ نظامت کلا ناتھ مشرا نے کی۔