پرتگال کے جنگلات میں آتشزدگی، ہلاکتوں کی تعداد 43 ہو گئی

لزبن: پرتگال میں حکام کے مطابق مرکزی پرتگال کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث کم سے کم 43 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں زخمی ہونے والے 59 افراد میں متعد فائر فائیٹرز بھی شامل ہیں۔ پرتگال کے وزیرِ اعظم اینٹونیو کوسٹا کا کہنا ہے ‘ہم ایک خوفناک المیہ دیکھ رہے ہیں اور اس میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔’ اس سے قبل سیکریٹری آف سٹیٹ فار انٹیرئیر جارج گومز نے کہا تھا کہ تین افراد پھیپڑوں میں دھواں بھرنے جبکہ 16 اپنی گاڑیوں میں ہلاک ہوئے۔ پرتگال کے میڈیا کا کہنا ہے کہ 600 کے قریب فائر فائیٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ پرتگالی اخبار کوریو دو مانہیا کے مطابق زخمی ہونے والے 59 افراد میں ایک آٹھ سالہ بچی بھی شامل ہے۔ اخبار کوریو دو مانہیا نے متنبہ کیا ہے کہ حکام کی متعدد علاقوں میں اب تک رسائی نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خطرہ ہے۔ پرتگالی حکومت کے مطابق آگے کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر افراد وہ تھے جو پیڈروگاؤ گرینڈ کے علاقے کوئیمبرا کے جنوب مشرقی سے 50 کلو میٹر دور اپنے گاڑیوں کے ذریعے بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے والے 20 افراد میں سے متعدد فائر فائیٹرز ہیں۔ ابھی تک آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکی ہے۔