ساحر لدھیانوی کا کردار نبھائیں گے ابھیشیک

0
13

ممبئی 27 جولائی (یو این آئی) بالی وڈ کے جونیئر بی ابھیشیک بچن سلور اسکرین پر عظیم نغمہ نگار اور شاعر ساحر لدھیانوی کا کردار ادا کر تے نظر آئیں گے ۔ بالی وڈ کے معروف فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی ساحر لدھیانوی اور امرتا پریتم کی زندگی پر مبنی فلم گستاخیاں بنا رہے ہیں۔ ایسا خیال تھا کہ شاہ رخ خان، عرفان خان یا ابھیشیک بچن میں سے کوئی ایک ساحر کا کردار ادا کر سکتا ہے لیکن اب کہا جارہا ہے کہ ابھیشیک کا نام اس فلم میں ساحر کے کردار کے لئے طے کر لیا گیا ہے ۔ اس فلم کی تیاری کے لئے ابھیشیک سخت محنت کر رہے ہیں اور ساحر کی شاعری پڑھ رہے ہیں۔”میں پل دو پل کا شاعر ہوں اور کبھی کبھی میرے دل میں” جیسے نغموں سے وہ ساحر کے کردار کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔بتایا جا رہا ہے کہ ساحر کا کردار ادا کرنے کے لئے ابھیشیک نے اپنا وزن 12 کلو گرام تک کم کرلیا ہے ۔اس فلم میں امرتا پریتم کا کردار پرینکا چوپڑا نبھائیں گی۔ قابل ذکر ہے کہ چالیس کی دہائی میں ساحر اور امرتا پریتم لاہور کے کالج میں ایک ساتھ پڑھا کرتے تھے ۔ساحر کالج کے پروگراموں میں اپنی تصنیف کردہ غزلوں اور نظموں کو پڑھ کر سنایا کرتے تھے ۔ امرتا پریتم ان کی شاعری کی مرید ہو گئی تھیں اور ان سے محبت کرنے لگی تھیں۔ کچھ وقت بعد ساحر کالج سے نکال دیئے گئے جس کی وجہ یہ سمجھا جاتا ہے کہ امرتا کے والد کو ان دونوں کے تعلقات پر اعتراض تھا کیونکہ ساحرمسلم تھے اور امرتا سکھ ۔ اسی کے ساتھ ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ان دنوں ساحر کی مالی حالت بھی ٹھیک نہیں تھی اور اس کے بعد ان دونوں کی محبت ادھوری رہ گئی۔