سنجے دت کے سر پر ایک بار پھر جیل جانے کی تلوار لٹکنے لگی

0
54

ممبئی،۰۳جولائی(پی ایس آئی) بالی ووڈ میں سنجو بابا کے نام سے مشہور اداکار سنجے دت کے سر پر ایک بار پھر جیل کی تلوار لٹکنے لگی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے دت کی جیل سے قبل از وقت رہائی کے معاملے پر مہاراشٹرا حکومت نے ممبئی ہائی کورٹ میں جواب داخل کرادیا ہے جس میں کہا گیا کہ حکومت نے سنجے دت کے معاملے پر قانون کی خلاف ورزی نہیں کی اور نہ ہی انہیں وی آئی پی اسٹیٹس کی وجہ سے جلدی رہا کیا گیا البتہ عدالت اگر ہماری بات سے متفق نہیں تو اداکار کو دوبارہ جیل بھیج دیا جائے۔جسٹس آر ایم ساونت کی سربراہی میں بننے والے بینج نے اس موقع پر کہا کہ عدالت کا اس قسم کا کوئی ارادہ نہیں ہے وہ تو بس اس بات کی تصدیق کرنا چاہتی تھی کہ آیا، سنجے دت کے رہائی کے معاملے میں قانون کی کوئی خلاف ورزی تو نہیں کی گئی۔عدالت نے سزا کے دوران سنجے دت کو متعدد بار پے رول پر رہائی دینے کا معاملہ بھی اٹھایا جس پر حکومتی وکیل نے موقف اپنایا کہ حکومت اور جیل حکام معمول کے مطابق تمام قیدیوں کو ان کے اچھے رویے کی وجہ سے پے رول پر رہائی دیتی ہے۔