حکمراں اتحاد میں تلخی بڑھی،تیجسوی نے سرکاری پروگرام کابائیکاٹ کیا

پٹنہ 15 جولائی (تاثیر بیورو): بہار میں حکمراں اتحاد کے درمیان نائب وزیراعلیٰ تیجسوی پرساد یادو کے استعفیٰ کے سوال پر جاری اٹھا پٹخ کے درمیان سنیچر کو جنتا دل یو اور آر جے ڈی کے درمیان اختلافات مزید گہرے ہوگئے۔ پٹنہ میں ورلڈ اسکل ڈے کے موقع پر منعقد پروگرام میں نائب وزیراعلیٰ تیجسوی پرساد یادو کو بطور مہمان خصوصی شریک ہونا تھا لیکن وہ تقریب میں نہیں آئے۔ اسٹیج پر وزیراعلیٰ نتیش کمار کے داہنی طرف نائب وزیراعلیٰ کی کرسی لگی تھی ۔ لیکن ان کے نام کی پلیٹ تو پہلے ڈھک دی گئی اور بعد میں ہٹادی گئی ۔ نائب وزیراعلیٰ کو دیگر وزراء کے ساتھ پروگرام میں شریک ہونا تھا۔ لیکن پروگرام شروع ہونے سے ٹھیک پہلے نائب وزیراعلیٰ کے نیم پلیٹ ڈھکا گیا اور جیسے ہی نتیش کمار تقریب میں پہنچے تو یہ مانتے ہوئے کہ اب نائب وزیراعلیٰ نہیں آرہے ان کے نیم پلیٹ ہٹادیا گیا۔ باقی لوگوں کے نیم پلیٹ پروگرام کے مطابق اپنی جگہ پر رہے۔بتایا جاتا ہے کہ نائب وزیراعلیٰ تیجسوی پرساد یادو نے استعفیٰ کے سوال پر آرجے ڈی اور جنتا دل یو کے درمیان تلخی بڑھنے کے بعد خود کو سرکاری پروگراموں سے الگ کرلیاہے۔گذشتہ 12 جولائی کو ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں بھی نائب وزیراعلیٰ تیجسوی پرساد یادو اور وزیراعلیٰ نتیش کمار کا سامنا ہوا تھا۔ لیکن دونوں ایک دوسرے سے دور دور رہے۔ کابینہ کی وہ میٹنگ بھی جلد بازی میں محض 25 منٹ کے اندر نپٹادی گئی تھی۔