دہلی حکومت کی تمام معلومات ہوں گی آن لائن

نئی دہلی10جولائی(آئی این ایس انڈیا)دہلی حکومت سے منسلک تمام اہم معلومات کو ویب سائٹ پر عوامی کردی جائیں گی۔وزیراعلیٰ اروندکیجریوال نے آج کہا کہ سرکاری مشینری میں صفائی لانے کیلئے حکومت نے یہ پہل کی ہے۔کیجریوال نے دہلی حکومت میں حق اطلاعات (آر ٹی آئی) قانون کے تحت آن لائن معلومات حاصل کرنے کی سہولت شروع کرتے ہوئے ای آر ٹی آئی پورٹل کاافتتاح کیا۔کیجریوال نے کہا کہ ای آر ٹی آئی پورٹل کے ذریعے دی جانے والی معلومات کو بھی آن لائن اپ لوڈ کیا جائے گا۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت سے ایک ہی سوال آر ٹی آئی کے ذریعے بہت سے لوگ بار بار پوچھتے ہیں۔حکام کو بار بار ایک ہی سوال کا جواب دینے اور سرکاری وسائل کو بچانے کے لئے ایک بار دی جا چکی معلومات کو آن لائن عوامی کرنے کے بعد اس سے جڑے سوال کا آر ٹی آئی درخواست قبول نہیں کیا جائے گا۔