راہل کو بخار، گالے ٹیسٹ سے باہر

نئی دہلی، 24 جولائی (یواین آئی) چوٹ کے بعد ٹیم میں واپسی کر نے والے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سلامی بلے باز لوکیش راہل کو بخار ہو گیا ہے اور وہ 26 جولائی سے سری لنکا کے خلاف گالے میں شروع ہونے والے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے پیر کو ایک بیان میں بتایا کہ راہل کو بخار ہو گیا ہے اور وہ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے دستیاب نہیں رہیں گے ۔ بیان کے مطابق کہا گیا ہے کہ میڈیکل ٹیم نے تصدیق کر دی ہے کہ راہل کو وائرل بخار ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ راہل کی صحت کے سلسلے میں کوئی سنگین مسئلہ نہیں ہے اور طبی ٹیم ان کی موجودہ صحت سے مطمئن ہے لیکن احتیاطاً راہل کو آرام کا مشورہ دیا گیا ہے اور وہ 26 جولائی سے سری لنکا کے خلاف گالے میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے ہندوستانی ٹیم میں شامل نہیں ہوں گے ۔بورڈ نے بتایا کہ میڈیکل ٹیم راہل کی طبیعت کے سلسلے میں مسلسل جانچ کر رہی ہے ۔ واضح رہے کہ راہل کندھے کی چوٹ کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی اور ویسٹ انڈیز سیریز میں بھی ہندوستانی ٹیم کا حصہ نہیں تھے اور ٹھیک ہونے کے بعد ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں. لیکن بخار کی وجہ ان کا تین میچوں کی سیریز کے پہلے ہی ٹیسٹ سے باہر ہو جانا ایک بڑا جھٹکا ہے ۔کرناٹک کے کھلاڑی راہل کی غیر موجودگی میں شکھر دھون یا ابھینو مکند میں سے کسی ایک کو اوپننگ میں اب موقع دیا جا سکتا ہے ۔ دھون کو ٹیسٹ ماہر بلے باز مرلی وجے کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو کلائی کی چوٹ کی وجہ سے باہر ہو گئے ہیں۔اس سے پہلے راہل کافی فٹ دکھائی دے رہے تھے اور دو روزہ پریکٹس میچ میں انہوں نے نصف سنچری اننگز کھیل کر اپنی فٹنس کا بھی اشارہ دیا. لیکن طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے وہ اب ٹیم کے ساتھ کولمبو نہیں جائیں گے ۔ وہ اس سے پہلے پیر کو ٹیم کے پریکٹس میچ میں بھی نہیں کھیلے تھے ۔ ویسے انہوں نے سری لنکا پریسیڈنٹ الیون کے خلاف 54 رنز کی اننگز کے بعد بھی اپنی فٹنس پر تشویش ظاہر کی تھی۔ راہل کو آسٹریلیا کے خلاف چار ٹسٹ میچوں کی گھریلو سیریز کے دوران کندھے میں چوٹ لگ گئی تھی اور اس کے بعد وہ چار ماہ تک ٹیم کا حصہ نہیں تھے ۔