سلطان شاہد کے افسانوی مجموعہ ’ ’وہ ایک پل “ کی تقریب رونمائی

کولکاتا۷۲جولائی(جاوید اختر) بروز بدھ خضر پور کے شہید اشفاق اللہ خان ہال میں سید امیر علی لائبریری کی جانب سے مشہور صحافی اور افسانہ نگار سلطان شاہد کے افسانوی مجموعہ’ ’وہ ایک پل “ کی تقریب رونمائی کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب کا آغاز اشرف احمد جعفری نے کیا۔ مشہور افسانہ نگار شبیر احمد نے ”وہ ایک پل“ کے حوالے سے ایک متاثر کن مضمون پڑھا۔ معروف افسانہ نگار اور شاعر پرویز اختر نے ’و ہ ایک پل‘ کا جائزہ لیتے ہوئے منظر نگاری کے حوالے سے اس مجموعہ کو اہم قرار دیا۔ افسانہ نگار انیس النبی نے عمدہ مضمون کے ذریعہ سلطان شاہد کی قلمی اور ذاتی صفات کا جائزہ لیا۔ لیکچرر اور ادیب قمر اشرف کے اس مجموعہ کو خوش آئند قدم قرار دیا ۔ڈاکٹر عرشی منیر نے ایک مقالہ پڑھ کر متاثر کیا ۔معروف ادیبہ شبیرہ مسرور نے سلطان شاہد کے مجموعے کو قابل تقلید بتایا۔ مشہور شاعر اور ادیب انجم عظیم آبادی نے مجموعے کے حوالے سے معلوماتی گفتگو کی اور صحافت اور افسانے کے حوالے سے سلطان شاہد کی خدمات کو اہم قرار دیا۔ تقریب کے صدر عالمی شہرت یافتہ افسانہ نگار انیس رفیع سلطان شاہد کو مبارک دیتے ہوئے ان کے حوصلے اور جذبے کو سراہا۔ سید امیر علی لائبریری کے اہم رکن تسنیم حسین خان نے سبھوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے تقریب کے خاتمہ کا اعلان کیا ۔معروف اور مشہور شاعر اسماعیل نظر نے بخوبی نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔ معزز شرکا ءمیں سید امیر علی لائبریری کے سکریٹری سید محمد زمان ،غلام ربانی ،پروفیسر محمود عالم ،سماجی کارکن محمد عارف خان بروک لین اور شاعر اسلم نجمی اور صحافی شکیل افروز ، محمد شکیل خان ،جاوید اختر اور علاقے کی دیگر معزز سیاسی وسماجی شخصیتیں شامل تھیں۔