قطر اور امریکہ دہشت گردی کے خاتمے پر متفق ، معاہدہ طے پا گیا

دوحہ: امریکا اور قطر کے درمیان دہشت گردی سے نمٹنے اور اس کے لیے مالی وسائل کی روک تھام سے متعلق ایک اہم معاہدے پر دستخط کر دئے ہیں۔ معاہدے پر دستخط دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے کئے۔
عرب میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ اور ان کے قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبد الرحمان نے خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لئے معاہدے پر دستخط کئے ہیں ۔ اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کا کہنا تھا کہ قطر اور امریکا نے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اس میں قطر کی مستقبل میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کوششوں اور دہشت گردی کے لیے فنڈنگ کی روک تھام کے معاملے کو طے کرنے کے لیے رہ نما خاکہ وضع کیا گیا ہے اور یہ ایک امید افزا اقدام ہے۔ اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے دوحہ کے دورے کے موقع پر اپنے قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمان کے ساتھ خلیج بحران اور دہشت گردی سے نمٹنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن عرب ممالک کے دورے پر ہیں جس میں وہ خلیجی ممالک کے بحران کو حل کرانے کے لئے عرب رہنماﺅں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔