میڈیکل ویزا دینے کے معاملے میں سشما نے سرتاج کو آڑے ہاتھوں لیا

نئی دہلی، 10 جولائی(یو این آئی) وزیر خارجہ سشما سوراج نے سنگین بیماری سے دوچار پاکستانی شہریوں کو ہندوستانی میڈیکل ویزا دینے کی سفارش میں تاخیر کے لئے پاکستانی وزیر اعظم کے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز کو آج آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ان کی سفارش ملتے ہی پاکستانی شہریوں کو فوراً ویزا دیا جائے گا۔وزیر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کی ویزا درخواستوں کے معاملے کانوٹس لیتے ہوئے آج نو ٹوئٹ کرکے حکومت پاکستان کو بھی کٹہرے میں کھڑا کیا اور پاکستان میں جاسوسی کے الزام میں موت کی سزایافتہ کلبھوشن جادھو کی والدہ محترمہ اونتیکا جادھو کی ویزا درخواست کو زیر التوا رکھنے کے لئے بھی بھی پاکستان کو آڑے ہاتھوں لیا۔محترمہ سوراج نے کہا کہ ” ہندوستان میں علاج کے لئے میڈیکل ویزا کے خواہش مند تمام پاکستانی شہریوں کے تئیں میری ہمدردی ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ مسٹر عزیز کو اپنے ملک کے شہریوں کی فکر ہے ۔ پاکستانی شہریوں کو میڈیکل ویزا دینے کے لئے ہمیں صرف ان کی سفارش کی ضرورت ہے ۔”انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ میں نہیں آتا کہ وہ اپنے ہی ملک کے شہریوں کے لئے سفارش کرنے میں اتناتامل کیوں کررہے ہیں۔ ہمار ی طرف سے بھی محترمہ اونتکا جادھو کی ایک ویزا درخواست زیر التوا ہے جو اپنے بیٹے سے ملنے پاکستان جانا چاہتی ہیں جسے موت کی سزا سنائی گئی ہے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ میں نے انہیں ویزا دینے کی درخواست کے ساتھ مسٹر سرتاج عزیز کو ایک ذاتی خط لکھا ہے ۔ حالانکہ مسٹر عزیز نے اس خط کے موصول ہونے کی اطلاع دینا بھی مناسب نہیں سمجھا۔لیکن میں میڈیکل ویزا کے خواہش مند پاکستانی شہریوں کو یقین دلانا چاہتی ہیں کہ مسٹر عزیز کی سفارش ملتے ہی ہم فوراً ویزا جاری کردیں گے ۔جگر کی پیوند کاری کرانے کے لئے ہندوستان سے میڈیکل ویزا کا انتظار کررہے ایک پاکستانی شہری کی بیٹی سعید ایوب کے ذریعہ کل ٹوئٹر پر محترمہ سوراج سے مدد کی درخواست کرنے پر انہوں نے کہا تھا کہ مسٹر عزیز کی سفارش ملتے ہی انہیں ویزا دیا جائے گا۔