نائب صدر کیلئے نائیڈواین ڈی اے کے امیدوار،نامزدگی آج

نئی دہلی، 17 جولائی (یو این آئی) اطلاعات و نشریات کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو کو نائب صدر کے عہدے کے لئے قومی جمہوری اتحاد کا امیدوار قرار دیا گیا ہے ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ کی صدارت میں پارٹی پارلیمانی بورڈ کی آج یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ہوئی میٹنگ میں مسٹر نائیڈو کو نائب صدر کے عہدے کے لئے این ڈی اے کا امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودي بھی موجود تھے ۔ اجلاس کے بعد مسٹر شاہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مسٹر نائیڈو کو متفقہ طور پر امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں مسٹر نائیڈو بھی موجود تھے ۔ ان کے علاوہ، محترمہ سشما سوراج، ارون جیٹلی، نتن گڈکری، جے پی نڈا، تھاورچند گہلوت، رام لال، اننت کمار اور شیوراج سنگھ چوہان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ نائب صدر کے عہدے کے انتخاب کے لئے اپوزیشن کے امیدوار گوپال کرشن گاندھی کل اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق مسٹر گاندھی کل پونے بارہ بجے راجیہ سبھا سکریٹریٹ میں نائب صدر کے عہدے کے لئے اپنا کاغذات نامزدگی داخل کریں گے ۔ اس موقع پر کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ سمیت مختلف اپوزیشن جماعتوں کے بڑے لیڈر وہاں موجود رہیں گے ۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کا کل آخری دن ہے ۔ راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل شمشیر کے شریف اس انتخاب کے لئے الیکشن افسر ہیں۔اٹھارہ اپوزیشن جماعتوں نے مسٹر گاندھی کو نائب صدر کے عہدے کے انتخاب کے لئے اپنا امیدوار بنایا ہے ۔ مسٹر گاندھی مہاتما گاندھی کے پوتے ہیں اور وہ مغربی بنگال کے گورنر بھی رہ چکے ہیں۔نائب صدر کے عہدہ کا انتخاب پانچ اگست کو ہونا ہے ۔