نوٹ بند ی کے بعدجمع کرائے گئے نوٹوں کی گنتی جاری

نئی دہلی،12؍جولائی (آئی این ایس انڈیا ) ریزرو بینک کے گورنر ارجت پٹیل نے بدھ کو ایک پارلیمانی کمیٹی کو بتایا کہ نوٹ بند ی کے بعد جمع کرائے گئے نوٹوں کی اب بھی ایک خصوصی ٹیم کی طرف سے مسلسل24گھنٹے گنتی کی جارہی ہے،اس کام میں لگے لوگوں کو اتوار کو چھوڑ کر کسی بھی دن چھٹی نہیں مل رہی ہے ،ذرائع نے یہ معلومات دیں۔سماج وادی پارٹی کے نریش اگروال اور ترنمول کانگریس کے ایم پی سوگت رائے نے آر بی آئی گورنر سے پوچھا تھا کہ نوٹ بند ی کے بعد کتنے نوٹ سسٹم میں واپس آ گئے ہیں؟۔اس پرپٹیل نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے گزشتہ سال نومبر میں لئے گئے نوٹ بند ی کے فیصلے کے بعد 17.7لاکھ کروڑ کے مقابلے میں اب تک کل 15.4لاکھ کروڑ کی رقم سرکولیشن میں آ چکی ہے۔پٹیل نے کہاکہ بندکئے گئے نوٹ اب بھی نیپال سے آنے ہیں اور کوآپریٹیو بینکوں کوانہیں قبول کرنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔اس کے علاوہ، انہوں نے کہاکہ پوسٹ آفس جہاں لوگ گزشتہ سال نوٹوں کوبدلوایاتھا،نے اب تک آربی آئی میں پرانے نوٹ جمع نہیں کئے ہیں۔ارجت پٹیل دوسری بار نوٹ بند ی پر پارلیمانی کمیٹی کے سوالات کاجواب دینے کے لیے اس کے سامنے پیش ہوئے تھے۔پچھلی بار وہ جنوری میں کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے، لیکن ممبران پارلیمنٹ کے پاس زیادہ سوال تھے۔کانگریسی ممبر پارلیمنٹ ویرپاموئلی کی صدارت والی کمیٹی نے بیچ کے مہینوں میں انہیں دو بار بلایا تھا،لیکن انہوں نے دونوں باریہ کہہ کرمہلت مانگ لی تھی کہ وہ مانیٹری پالیسی میں شامل تھے۔