نڈال اور اوستاپیکو تیسرے راؤنڈ میں

لندن، 06 جولائی (یو این آئی) دو مرتبہ کے چمپئن اور فرانسیسی اوپن کے بعد مسلسل دوسرے گرینڈ سلیم کے لئے کھیل رہے ا سپین کے رافیل نڈال اور خواتین چمپئن ایلینا اوستاپیکو نے اپنی مہم کو آگے بڑھاتے ہوئے یہاں ومبلڈن ٹینس چمپئن شپ کے تیسرے راؤنڈ میں داخلہ حاصل کرلیا ہے ۔چوتھی سیڈ نڈال نے مرد سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں امریکہ کے ڈونلڈ ینگ کو مسلسل سیٹوں میں 6۔4 ،6۔2 ،7۔5 سے شکست دی۔ہسپانوی کھلاڑی کو 43 ویں رینکنگ کے نوجوان کے خلاف میچ میں خاص پریشانی نہیں ہوئی۔نڈال نے اب تک ٹورنامنٹ میں ایک بھی سیٹ نہیں گنوایا ہے اور وہ اسی تال کے ساتھ اگلے میچ میں 21 سالہ روسی کھلاڑی کارن خاچانوو سے کھیلیں گے ۔31 سالہ نڈال نے گزشتہ ماہ 10 ویں بار فرانسیسی اوپن ٹائٹل جیت لیا تھا۔سینٹر کورٹ پر فتح کے بعد نڈال جیسے ہی کورٹ سے جانے لگے تو ایک فین نے ان سے اپنے پروستھیٹک لیگ پر دستخط لیے جو ان کا سب سے زیادہ عجیب آٹوگراف تھا۔وہیں خواتین کے سنگلز میں نڈال کے ساتھ فرانسیسی اوپن چمپئن بنیں لاٹویا کی اوستاپیکو نے غلطیوں کے بعد سنبھلتے ہوئے کینیڈا کی فریکوئس اباڈا کو 4۔6 ،7۔6 ،6۔3 سے شکست دی۔اس سے پہلے عالمی نمبر ایک کھلاڑی برطانیہ کے اینڈی مرے نے بھی دوسرے راؤنڈ میں جیت درج کی۔سال کے سب سے بڑے گرینڈ سلیم مقابلے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں عالمی نمبر ایک اینڈی مرے اور وینس ولیمز نے فتوحات حاصل کر کے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔دو سال قبل رافیل نڈال کو دوسرے راؤنڈ میں شکست دے کر دنیا کر حیران کرنے والے ڈسٹن براؤن ایک مرتبہ پھر انہی عزائم کے ساتھ اینڈی مرے کے خلاف کورٹ میں اترے لیکن ان کی ایک نہ چلی۔عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نے جرمن حریف کو اسٹریٹ سیٹ میں باآسانی 6۔3، 6۔2 ، 6۔2 سے زیر کر کے تیسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا جہاں ان کا مقابلہ اٹلی کے فیبیو فوگ نینی سے ہو گا۔جاپان کے کائی نشیکوری کو یوکرین کے کوالیفائر سرجی اسٹیکوسکے کے خلاف سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور پہلے راؤنڈ میں 6۔4 سے کامیابی کے بعد یوکرین کے حریف نے 7۔6 سے دوسرا سیٹ جیت کر مقابلہ برابر کردیا۔البتہ اگلے سیٹ میں نشیکوری نے 6۔1 سے کامیابی حاصل کی اور پھر چوتھے سیٹ میں سخت مقابلے کے بعد 7۔6 سے فتح سمیٹ کر تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے جہاں ان کا مقابلہ روبرٹو بوٹسٹا ایگٹ سے ہو گا۔خواتین کے مقابلوں میں پانچ مرتبہ کی گرینڈ سلیم چمپئن وینس ولیمز ابھرتی ہوئی چینی اسٹار وینگ کیانگ کے ہاتھوں شکست سے بال بال بچ گئیں۔ولیمز کو پہلے سیٹ میں 4۔6 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور دوسرے سیٹ میں بھی آثار کچھ اچھے نطر نہ آتے تھے لیکن انہوں نے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے 6۔4 سے کامیابی حاصل کر کے مقابلہ برابر کیا اور پھر اگلا سیٹ باآسانی 6۔1 سے جیت کر میچ میں فتح حاصل کی ۔سابقہ عالمی نمبر ایک آزارینکا نے پہلے بچے کی پیدائش کے بعد کامیابی سے سفر جاری رکھا اور روس کی 15ویں سیڈ ایلینا ویسنینا کو 6۔3 ،6۔3 سے زیر کر کے اگلے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔دو مرتبہ کی ومبلڈن چمپئن پیٹرا کویٹوا کو دوسرے راؤنڈ میں امریکا کی 95ویں سیڈ میڈیسن برینگل نے 6۔3، 1۔6 ،6۔2 سے زیر کر کے اپ سیٹ کردیا۔مردوں کے دیگر مقابلوں میں 30 ویں سیڈ کارین نے برازیل کے تھیاگو موٹیریا کو 3۔6 ،7۔6 ،7۔6 ،7۔5 سے شکست دے کر نڈال کے ساتھ اپنا میچ بک کر لیا۔ساتویں سیڈ کروشیا مارن سلچ نے صرف دو گھنٹے میں جرمنی کے فلورین میئر کو 7۔6 ،6۔4 ،7۔5 سے مسلسل سیٹوں میں شکست دی۔16 ویں سیڈ جائلز میولر نے جمہوریہ چیک کے لوکاس روسول کو میراتھن جدوجہد میں 7۔5 ،6۔7 ،4۔6 ،6۔3 ،9۔7 سے شکست دے کر دوسرے راؤنڈ کا مقابلہ جیت لیا۔24 ویں سیڈ امریکی کے سیم کوئری نے جارجیا کے نکولاج باسلاشول کو 6۔4 ،4۔6 ،6۔3 ،6۔3 سے اور 12 ویں سیڈ جو ولفریڈ سونگا نے سمون بولیلي کو 6۔1 ،7۔5 ،6۔2 سے شکست دی۔ دوسری طرف چھٹی سیڈ اور گھریلو پسندیدہ کھلاڑی جوھانا کونٹا نے خواتین سنگلز کے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی اور اسی کے ساتھ 20 سال میں پہلی بار چار برطانوی کھلاڑی ومبلڈن کے تیسرے راؤنڈ تک پہنچ گئے ۔پہلی بار تیسرے راؤنڈ میں پہنچی کونٹا نے کروشیا کی ڈونا وینک کو سینٹر کورٹ پر تین گھنٹے 10 منٹ تک چلے میچ میں 7۔6 ،4۔6 ،10۔8 سے شکست دی۔مرے اور کونٹا کے علاوہ برطانوی کھلاڑیوں میں ھیتھر واٹسن نے 18 ویں سیڈ لٹویا کی اناستاسجا سیواسووا کو مسلسل سیٹوں میں 6۔0 ،6۔4 سے اور الجاج بیڈینے نے بوسنیا کے ڈامر جمر کو 6۔3 ،3۔6 ،6۔3 ،6۔3 سے شکست دی۔دو بار کی چمپئن پیٹرا کویتووا سال کے محض اپنے تیسرے ہی ٹورنامنٹ میں کھیلنے اتریں لیکن دوسرے راؤنڈ کے آگے نہیں جا سکیں۔اپنے گھر پر چاقو کے حملے کا شکار ہوئیں کویتووا کو امریکہ کی میڈیسن بریگیلے نے 6۔3 ،1۔6 ،6۔2 سے شکست دی۔غیر سیڈ اٹلی کی کیمیلا جیارجي نے 17 ویں سیڈ امریکی کھلاڑی میڈیسن کی کو 6۔4 ،6۔7 ،6۔1 سے شکست دی تو وہیں 25 ویں سیڈ کارلا سواریز نوارو بھی غیر سیڈ چینی کھلاڑی پینگ شوائی سے 6۔2 ،6۔2 سے شکست کھاکر باہر ہو گئیں۔اگرچہ اس دوران دوسری پسندیدہ رومانیہ کی سمونا ہالیپ نے برازیل کی بیٹرج ھدداد کو 7۔5 ،6۔3 سے شکست دے کر تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔پانچ بار کی چمپئن اور 10 ویں سیڈ امریکہ کی وینس ولیمز نے بھی دوسرے راؤنڈ میں جیت درج کر لی اور اپنے کیریئر کی 100 ویں سنگلز جیت سے وہ چند قدم کے فاصلے پر ہیں۔وینس نے چین کی کیاگ وانگ کو ہرایا اور 97 ویں جیت درج کی۔وینس اگر کوارٹر فائنل تک پہنچتی ہیں تو وہ اپنے 100 میچ جیتنے کی کامیابی حاصل کر لیں گی۔