ویسٹ انڈیزن نے بھارت کو 9وکٹ سے شکست دی

کنگسٹن، 10 جولائی (یو این آئی) سلامی بلے باز لوئس (ناٹ آؤٹ 125) کے کیریر کی بہترین سنچری والی طوفانی باری کی بدولت ویسٹ انڈیز نے واحد ٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میچ میں ہندستان کو 9 وکٹ سے شکست دے دی۔اتوار کی رات کھیلے گئے اس میچ میں ہندستان نے مقررہ 20 اوور میں چھ وکٹ پر 190 رن کا مضبوط اسکور کھڑا کرلیا جسے ویسٹ انڈیز نے 18.3 اورر میں ایک وکٹ کے نقصان پر 194 رن بناکر حاصل کرلیا۔ لوئس نے 24 گیندوں میں نصف سنچری اور 53 گیندوں میں سنچری مکمل کرلی۔ 25 سالہ لوئس نے 62 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 125 رن کی طوفانی باری میں چھ چوکے اور 12 چھکے لگائے ۔ لوئس کی ٹی 20 بین الاقوامی کیریر میں یہ دوسری سنچری ہے ۔ انہوں نے قبل ازیں پچھلے سال فلوریڈا میں ہندستان کے ہی خلاف 100 رن بنائے تھے ۔لوئس ہم وطن کرس گیل اور نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کلم کے بعد دنیا کے تیسرے ایسے بلے باز بن گئے ہیں جنہوں نے ٹی ۔ 20 بین الاقوامی میچ میں دو مرتبہ سنچری بنائی ہے ۔لوئس نے سلامی بلے باز کرس گیل (18) کے ساتھ پہلے وکٹ کے لئے 8.2 اوور میں 82 اور مارلون سیمولس(ناٹ آوٹ 36 رن ) کے ساتھ دوسرے وکٹ کی شراکت میں 10.1 اوور میں 112 رن کی غیر مفتوح میچ جتانے والی شراکت کی۔ گیل نے 20 گیندوں میں 18 رن کی باری میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ سیموئلس نے 29 گیندوں میں پانچ چوکے اور ایک چھکے کی بدولت ناٹ آؤٹ 36 رن بنائے ۔ہندوستانی گیند بازوں نے 15 فاضل رن دیئے ۔ کلدیپ یادو نے 34 رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔قبل ازیں دنیش کارتک (48)، کپتان وراٹ کوہلی (39) اور نوجوان بلے باز رشبھ پنت (38) کی تیز رفتار باری کے بل بوتے پر ہندستان نے چھ وکٹ پر 190 رن کا مضبوط اسکور کھڑا کیا لیکن اس کے گیندباز اس مضبوط اسکور کا دفاع نہیں کر سکے ۔بلے بازی کا آغاز کرنے اترے وراٹ نے شکھر دھون (23) کے ساتھ پہلے وکٹ کے لئے 5.3 اوور میں 64 رن کی شراکت کرکے ہندستان کو ٹھوس شروعات دی۔ وراٹ ٹیم کے 64 رن کے اسکور پر تیز گیند باز کیسرک ولیمس کی گیند پر سنیل نارائن کو کیچ تھما بیٹھے ۔وراٹ نے 22 گیندوں میں 39 رن کی باری میں سات چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ کپتان وراٹ کے آؤٹ ہوتے ہی شکھر بھی رن آؤٹ ہو گئے ۔ شکھر نے 12 گیندوں میں 23 رن کی باری میں پانچ شاندار چوکے لگائے ۔ نوجوان بلے باز رشبھ پنت نے 35 گیندوں میں دو چوکوں اور ایک چھکے کے سہارے 38 اور کارتک نے 29 گیندوں میں پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی بدولت 48 رن بنائے ۔کارتک اور پنت نے تیسرے وکٹ کے لئے 9.5 اوور میں 86 رن کی بیش قیمت ساجھیداری کی۔ کارتک کا بین الاقوامی ٹی -20 کیریئر میں یہ بہترین اسکور ہے ۔ آخری کھلاڑیوں میں رویندر جڈیجہ نے ناٹ آؤٹ 13 اور روی چندرن اشون نے ناٹ آؤٹ 11 رن بنائے ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیروم ٹیلر نے 31 رن پر دو وکٹ اور ولیمس نے 42 رن پر دو وکٹ لئے ۔ اس کے علاوہ مارلون سیموئلس نے 32 رن پر ایک وکٹ حاصل کیا۔