کرن، سیف اور ورن نے اڑایا کنگنا کا مذاق

نیویارک،۱۲جولائی(پی ایس آئی)بولی وڈ کے نامور ایوارڈز آئیفا کی شاندار تقریب رواں سال نیویارک میں منعقد ہوئی، جہاں خواتین کو ان کی شاندار کارکردگی اور معاشرے میں ہمت و بہادری کے ساتھ آگے آنے پر خوب سراہا گیا۔اداکارہ سونم کپور کی فلم ’نیرجا‘ کو بہترین فلم کے ایوارڈ سے نوازا گیا، تو دوسری جانب اداکارہ تپسی پنو کو فلم ’پنک‘ میں اپنے بہترین کردار کے لیے سال کی بہترین خاتون (ویمن آف دی ایئر) کا اعزاز دیا گیا۔لیکن آئیفا کی میزبانی کرنے والے سیف علی خان اور کرن جوہر نے ورن دھون کے ساتھ مل کر اسٹیج پر جہاں اقرباءپروری کی بات کی، وہیں بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا مذاق بھی اڑایا۔ہوا کچھ یوں کہ جب ورن دھون اسٹیج پر پہنچے تو سیف علی خان نے ان سے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں صرف اپنے والد ڈیوڈ دھون کی وجہ سے موجود ہیں، جس پر ورن نے جواب دیا کہ سیف اس مقام پر اپنی والدہ شرمیلا ٹیگور کی وجہ سے کھڑے ہیں، جبکہ کرن جوہر نے بھی کہا کہ وہ خود یہاں اپنے والد یش جوہر کی وجہ سے موجود ہیں۔اس موقع پر ورن دھون نے کرن جوہر سے سوال کیا ’آپ کی فلم میں ایک گانا تھا بولے چوڑیاں بولے کنگنا‘۔اس پر کرن جوہر کا کہنا تھا کہ ’کنگنا نہ ہی بولے تو اچھا ہے، وہ بہت بولتی ہے‘۔خیال رہے کہ کنگنا رناوٹ نے رواں سال کرن جوہر کے شو ‘کافی ود کرن’ میں شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے کرن جوہر پر اقرباءپروری کرنے کے ساتھ ساتھ کئی الزامات لگائے تھے۔ شو کے دوران ایک موقع پر کرن جوہر نے جب کنگنا سے سوال کیا کہ وہ اپنی سوانح حیات کو کیا نام دیں گی، تو اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘اگر میں کبھی اپنی سوانح حیات لکھوں، تو اس میں ایک پورا مضمون شامل کروں گی۔