کھیل رتن کی حقدار ہو گئی ہیں متالی

نئی دہلی، 26 جولائی (یواین آئی) ہندوستان کو اپنی کپتانی میں دوسری بار خواتین ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچانے والی متالی راج اپنی اس شاندار کامیابی اور ٹورنامنٹ میں ریکارڈتوڑ کارکردگی کی بدولت ملک کے ممتاز کھیل اعزاز راجیو گاندھی کھیل رتن کی حقدار بن گئی ہیں۔متالی 22 سال کی عمر میں 2005 میں اپنی کپتانی میں ہندوستان کو خواتین عالمی کپ کے فائنل تک لے گئی تھیں۔اس کے 12 سال بعد متالی 35 سال کی عمر میں ہندوستان کو 2017 میں خواتین عالمی کپ کے فائنل میں لے گئیں۔ہندوستانی کرکٹ تاریخ میں وہ واحد ایسی کپتان (مرد یا عورت) ہیں جو اپنی کپتانی میں ٹیم کو دو بار عالمی کپ فائنل میں لے گئی ہیں۔کپِل دیو نے 1983 میں ہندوستان کو فائنل میں پہنچا کر عالمی کپ دلایا تھا ۔سوربھ گانگولی 2003 میں ہندوستان کو عالمی کپ فائنل تک لے گئے تھے جبکہ مہندر سنگھ دھونی نے 2011 میں ہندوستان کو عالمی چیمپئن بنایا تھا۔