سلمان کی اداکاری سے زیادہ ان کے فلاحی کاموں سے متاثر ہیں شہناز حسین

ممبئی، 23جولائی(یو این آئی) بین اقوامی شہرت کی حامل بیوٹیشین شہناز حسین دبنگ خاں یعنی سلمان خان کی اداکاری سے زیادہ ان کے فلاحی کاموں سے متاثر ہیں۔حال ہی میں ممبئی میں ایک ملاقات کے دوران دونوں نے فلم سازی، اداکاری، بیوٹی اور سماجی خدمات جیسے موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی۔شہناز حسین نے سلمان خان کے ذریعے شروع کئے گئے سماجی فلاحی ادارے ”بیئنگ ہیومن”کے زیر اہتمام سماج کے پسماندہ اورنچلے طبقے کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے کئے جارہے کاموں کی جم کر تعریف کی۔سماجی خدمات کے میدان میں شہناز حسین گروپ نے بھی ملک میں کافی نام کمایا ہے ۔ شہناز حسین نے نابینا بچوں کو خود کفیل بنانے کے لئے بیوٹی ٹریننگ اسکول قائم کیا ہے جس میں انہیں بریل کے ذریعے تربیت دی جاتی ہے ۔شہناز حسین کا کہنا ہے کہ سماج کے لوگوں کی بہبود کے لئے مختلف پروگرام شروع کرنا ان کی زندگی کا مقصد بن گیا ہے ۔ اس سے زندگی کی معنویت بڑھ جاتی ہے ۔