وطن لوٹنے پر خواتین کرکٹروں کا شاندار استقبال

ممبئی، 26 جولائی (یواین آئی) ہندوستانی خواتین کرکٹروں کے تئیں ملک کی سوچ بدلنے کا ہی یہ نتیجہ ہے کہ جب آئی سی سی ورلڈ کپ میں خطاب سے چوکنے کے بعد قومی ٹیم کی کھلاڑی صبح یہاں ممبئی ہوائی اڈے پر پہنچیں تو ان کا کسی ‘ہیرو’ کی طرح شاندار استقبال کیا گیا۔واضح رہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ میں ہوئے ورلڈ کپ میں میزبان انگلینڈ سے فائنل میں نو رن سے ہار کر تاریخ رقم کرنے سے محروم ہوگئی تھی ۔ لیکن کوالیفائر کے ذریعے ٹورنامنٹ میں پہنچی ٹیم کی کھلاڑیوں نے کمال کا مظاہرہ کر کے فائنل میں جگہ بنائی اور ہر بڑی ٹیم کو زبردست چیلنج پیش کیا۔ متالی راج کی کپتانی والی ٹیم انڈیا بدھ کی صبح یہاں ممبئی پہنچیں جہاں بڑی تعداد میں شائقین نے ہندوستانی کھلاڑیوں کا شاندار خیر مقدم کیا۔یہاں بڑی تعداد میں میڈیا بھی موجود تھی ۔ بلے باز ھرمنپریت کور، پونم راوت، سشما ورما، جھولن گوسوامی سب کے گلے میں پھول مالائیں اور ہاتھوں میں گلدستے تھے ۔ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) خواتین کرکٹ کو اور مقبول بنانے کے لئے قومی کھلاڑیوں کے اعزاز میں بڑے انعقاد کا بھی منصوبہ بنا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ بورڈ نے ٹیم کو فائنل میں پہنچنے پر ہر کھلاڑی کو 50-50 لاکھ روپے اور اسپورٹ اسٹاف کو 25-25 لاکھ روپے نقد انعام کا بھی اعلان کیا ہے ۔ خواتین ٹیم کی کھلاڑیوں پر انعاموں کی بارش کے ساتھ ساتھ ھرمنپریت کور کو پنجاب کے وزیر اعلی امریندر سنگھ اور سشما ورما کو ہماچل پردیش کے وزیر اعلی ویر بھدر سنگھ نے ڈی ایس پی کی لی نوکری کی پیشکش بھی کی ہے ۔