رنر اپ کیلئے ایسے شاندار استقبال کی توقع نہیں تھی:متالی

نئی دہلی، 27 جولائی (یو این آئی) خواتین ورلڈ کپ میں رنر اپ بن کر وطن لوٹی ہندوستانی ٹیم کا ممبئی سے لے کر دہلی تک شاندار استقبالیہ جاری ہے اور ٹیم کی کپتان متالی راج نے کہا ہے کہ انہیں قطعی توقع نہیں تھی کہ ایک رنراپ ٹیم کا اتنا زبردست استقبال ہو گا ۔ہندستانی ٹیم کا وطن واپسی پر ممبئی میں غیر معمولی استقبال ہوا تھا اور اس کے 24 گھنٹے بعد دہلی میں صبح وزیر کھیل وجے گوئل نے ٹیم کا اپنی رہائش گاہ پر شاندار استقبال کیا۔اس کے ایک گھنٹے بعد ہی ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایک پانچ ستارہ ہوٹل میں ٹیم کا استقبال کرتے ہوئے ہر کھلاڑی کو 50۔50 لاکھ اور اسپورٹ اسٹاف کو 25۔25 لاکھ روپے فراہم کئے ۔کپتان متالی نے بی سی سی آئی کی تقریب میں کہا کہ مجھے تو بالکل توقع نہیں تھی کہ رنر اپ رہنے پر بھی ہمیں اتنا احترام ملے گا۔ہمیں تو یہ بھی توقع نہیں تھی کہ فائنل میں ہارنے کے باوجود ملک ہمیں پلکوں پر بٹھائے گا۔لیکن یہ سب دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے کہ ہماری کھلاڑیوں کا اتنا اعزاز ہواہے ۔یہ دیکھ کر تو اب محسوس ہو رہا ہے کہ کاش ہم فائنل جیت جاتے ۔بی سی سی آئی کی تقریب میں ریلوے کے وزیر سریش پربھو، بی سی سی آئی کے قائم مقام چیئرمین سی کے کھنہ، نگراں سیکرٹری امیتابھ چودھری، خزانچی انرودھ چودھری، آئی پی ایل چیئرمین راجیو شکلا، سی ای او راہل جوہری اور منتظمین کی کمیٹی کی رکن ڈیانا اڈلج¸ موجود تھے ۔ہندوستانی ٹیم کے وزیر کھیل کی رہائش گاہ پر پہنچنے کے ساتھ ہی میڈیا اور کیمروں کے فلیش نے ان کا پیچھا کرنا شروع کر دیا۔وزیر کھیل کی رہائش گاہ سے شروع ہوا یہ سلسلہ پانچ ستارہ ہوٹل میں بی سی سی آئی کی تقریب تک بھی پہنچ گیا۔