اب راجدھانی ایکسپریس میں الگ سے دینا ہوگا کھانے کا پیسہ

Taasir Urdu News | Uploaded on 31-Aug-2017

پٹنہ ، 31اگست ( نمائندہ ) ریلوے بورڈ کی ہدایت پر ایسٹ سنٹرل ریل انتظامیہ نے راجندر نگر دہلی ، راجندر نگر راجدھانی ایکسپریس کی پنٹری کار کو آئی آر سی ٹی سی کے کے حوالے کردیا ہے۔ اب راجدھانی ایکسپریس کے مسافروں کو ٹکٹ کے ساتھ کھانے پینے کا پیسہ دینا لازمی نہیں ہوگا۔ کاو¿نٹر یا پھر آن لائن ٹکٹ بک کراتے وقت میل کا آپشن دیاگیا ہے ، جس میں ہاں یا نہیں لکھنا ہوگا۔ اگر مسافر آپشن میں نہیں لکھتے ہیں تو بیس کرائے کے ساتھ ساتھ فلیکسی میں بڑھی شرح ہی دینے ہوں گے۔ گذشتہ 15دنوں سے تجربہ کے طور پر آئی آر سی ٹی سی کے توسط سے راجدھانی ایکسپریس میں کھانا پیش کیاجارہا تھا ، لیکن آج سے آئی آر سی ٹی سی کوپنٹری کار دے دی گئی ہے۔ واضح ہوکہ ٹرینوں میں پیش کئے جانے والے کھانے پینے کو لے کر مسلسل شکایتیں مل رہی تھیں۔ ساتھ ہی کیگ کی رپورٹ آنے کے بعد ریلوے بورڈ نے کھانے پینے کا نیا انتظام شروع کیا ہے۔ راجندر نگر ٹرمینل سے راجدھانی ایکسپر یس شام سات بجے دہلی کے لئے روانہ ہوتی ہے۔ اس لئے دہلی جانے والی راجدھانی ایکسپریس میں صرف کھانا پیش کیا جاتا ہے۔ وہیں دہلی سے پٹنہ آنے والی راجدھانی ایکسپریس شام پانچ بجے روانہ ہوتی ہے اس لئے پٹنہ آنے والی راجدھانی میں چائے و اسنیکس کے ساتھ ساتھ کھانا بھی پیش کیا جاتا ہے۔ اس سے پٹنہ سے دہلی جانے والی اور دہلی سے پٹنہ آنے والی راجدھانی ایکسپریس کے بیس کرائے میں فرق نہیں کیا گیا ہے۔ لیکن کھانے پینے کا پیسہ الگ الگ مقرر کیا گیا ہے۔ راجدھانی ایکسپریس کے مسافروںکو کھانے کا آپشن نہیں تھا۔ سفر کے دوران کھانے کا دل نہیں ہے ، پھر بھی پیسہ دینا لازمی تھا اس سے مسافر پیسہ دینے کے ساتھ ساتھ پنٹری کار کا کھانا کھانے کو مجبور ہوتے تھے۔ نیا انتظام لاگو ہونے کے بعد راجدھانی ایکسپریس کے مسافر سفر کے دوران گھر کا کھانا یا پھر من پسند کھانا کھا سکیں گے۔