اظہرالدین ایچ سی اے کا الیکشن لڑ سکتے ہیں

نئی دہلی، 23 اگست (یواین آئی) ہندوستان کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی یونٹ نے سابق کپتان محمداظہرالدین کو حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن (ایچ سی اے ) کا الیکشن لڑنے کے لئے اپنی منظوری دے دی ہے ۔ اس سال جنوری میں ایچ سی اے کے الیکشن میں اظہر حصہ نہیں لے سکے تھے لیکن جب بی سی سی آئی نے اظہر کو منظوری دے دی تو اظہر کو اس سال چناو میں کھڑے ہونے کا موقع مل گیا ہے ۔ اس بات کی بھی خبر ہے کہ بی سی سی آئی نے ایچ سی اے کو ایک نوٹس بھیجا ہے جس میں بورڈ نے کہا کہ اظہر پر کسی طرح کی پابندی نہیں ہے اور اب وہ ایچ سی اے چناو میں حصہ لے سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ ایچ سی اے کی تادیبی کمیٹی کے چیئرمین پرکاش چندجین نے ہندوستانی بورڈ کو ایک ای میل بھیجا تھا اور پوچھا تھا کہ آیا اظہر الیکشن میں حصہ لے سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جین نے اس سلسلے میں بی سی سی آئی کو اخری مرتبہ 10 جنوری کو ای میل بھیجا تھا ۔ سابق کپتان اظہر نے حالانکہ ایچ سی اے پر لوڈھا کمیٹی کی سفارشات کو نہ ماننے کا الزام لگایا ہے ۔ بی سی سی آئی کے کارگزار صدر سی کے کھنہ نے کہا کہ اظہرالدین کے معاملے پر کرکٹ انتظامیہ کمیٹی (سی او اے ) اور دیگر افسران سے بات چیت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوال نہیں ہے کہ اظہر کے حق میں یا ان کے خلاف بات ہو ۔ ان کے خلاف کسی طرح کے کوئی ثبوت نہیں ہیں اس لئے آپ انہیں ان کے حق سے محروم نہیں کرسکتے ہیں جبکہ بورڈ کی بااختیار یونٹ نے انہیں چناو لڑنے کی منظوری دے دی ہے ۔خیال رہے کہ 54 سالہ اظہر پر میچ فکسنگ میں شامل ہونے کے الزام کے بعد ان پر پانچ دسمبر 2000 کو کرکٹ سے متعلق تمام سرگرمیں پر پابندی لگا دی تھی لیکن 2012 کو آندھراپردیش ہائی کورٹ نے ان پر عائد پابندی کو غیرقانونی قرار دے کر ختم کردیا تھا۔