اللہ جسے توفیق دیتا ہے اسے اپنے گھر اور در پر بلاتا ہے :مفتی محمد عبید اللہ قاسمی

پٹنہ 17 اگست( پریس ریلیز) ریاست سے جانے والے عازمین حج کے اعزاز میں حسب معمول بعد نماز مغرب اجتماعی دعائیہ مجلس کا اہتمام ہوا جس کی نظامت جناب مولانا ایوب نظامی قاسمی ناظم مدرسہ صوت القرآن داناپور نے انجام دیئے۔
مکہ مکرمہ کی طرف روانہ ہونے والے قافلہ سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی حضرت مولاناو مفتی محمد عبید اللہ قاسمی، استاذ دارالعلوم الاسلامیہ امارت شرعیہ پٹنہ نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ آپ عازمین کرام کی بہت بڑی خوش نصیبی ہے کہ اس مقدس سفر کے لئے اللہ تعالیٰ نے آپ کا انتخاب فرمایا ورنہ دنیا میں بہت سارے مالدار اس مقدس سفر کا ارمان دل میں لئے رہ جاتے ہیں ۔ اپنے دل کو صاف کرلیں کہ آپ کا انتخاب صرف اللہ کا انعام ہے آپ کے جانے پر آپ کو ہر حال میں شکر کرنا چاہئے۔ آپ اگر شکرگزاری کریں گے تو اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے ”جو ہماری نعمت کی شکرگزاری کرےگا ہم اسکی نعمت میں اضافہ کردیںگے“ آپ اپنی قسمت کودیکھئے کہ اللہ نے آپ کو بلایا ہے ۔ اللہ جسے توفیق دیتا ہے اسے ہی اپنے گھر اور در پر بلاتا ہے۔حج ہی کے موقع سے اللہ نے دین کی تکمیل ہونے کی بشارت دی ہے۔ اور دین اسلام ہی اللہ کے نزدیک سب سے پسندیدہ دین ہے۔
انہوں نے فرمایا کہ قرآن میں ایسے لوگوں کی شکایت ہے جو اللہ کی نعمت کو بھلا دیتا ہے۔ لہٰذا آپ بھی اپنے دل کو پوری طرح پاک وصاف کرلیں کہ اس مقدس سفر کے لئے آپ کے انتخاب میں آپ کا کوئی دخل نہیں ہے صرف اورصرف اللہ تعالیٰ کی مدد اور اسکے حکم سے ہی آپ اس مقدس سفر کے لئے رواں دواں ہیں۔
دعائیہ مجلس کا آغاز جناب حافظ وقاری محمد ارشاد ہاشمی،امام مدینہ مسجد،برونی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ نعتیہکلام قاری صغیر احمد بھاگلپوری نے پیش کی۔ میڈیا انچارج صغیر احمد نے بتایا کہ آج کی فلائٹ سے جانے والے عازمین کی تعداد95وعازمات کی تعداد55 ہے۔ مجلس میںجن سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ان میںمحترمہ کہکشاں پروین ،ایم ۔پی۔ مولانا الحاج محمداکرام الحق امام جامع مسجد پٹنہ جنکشن،مولانا محمد ممتاز رحمانی، مدرسہ صوت القرآن داناپور، جناب سید وجیہ الدین سابق ممبر حج کمیٹی ،محترمہ گلفشاں جبیں عرف سگن رکن بہار ریاستی حج کمیٹی کے علاوہ فرزندان توحیدنے بڑی تعداد میں شرکت کی آخر میںمہمان خصوصی کی دعاءپر مجلس کا اختتام ہوا۔