بڑی برتری تھی اس لئے فالوآن کرایا:وراٹ

کولمبو، 06 اگست (یو این آئی) سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 2۔0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرنے والی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے کہا ہے کہ ان کے پاس 400 سے زائد رنز کی بھاری برتری تھی اس وجہ سے انہوں نے مخالف ٹیم کو فالو آن کرایا۔دنیا کی نمبر ایک ٹیم ہندستان کی پہلی اننگز میں نو وکٹ پر 622 رن اننگز ڈکلئیر کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 183 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور پھر اسے فالوآن کھیلنے پر مجبور ھونا پڑا۔سری لنکا کی ٹیم دوسری اننگز میں 386 رن پر سمٹ گئی۔ہندستان نے اس طرح یہ ٹیسٹ اننگز اور 53 رنز سے جیت لیا۔وراٹ نے جیت کے بعد کہاکہ ہمارے پاس 440 رنز کی بھاری برتری تھی اس لئے ہم نے میزبان ٹیم کو فالو آن کھیلنے کے لئے بلایا۔عام طور پر میں فالو آن دینا پسند نہیں کرتا لیکن اس بار ہمارے پاس کافی بڑی برتری تھی اس لئے ہم نے فالوآن کرا لیا۔بین الاقوامی سطح پر آپ یہی توقع رکھتے ہیں کہ ٹیم واپسی کرے اور اچھی بلے بازی کرے جیسا کہ مینڈس اور دمتھ نے کیا۔انہوں نے شاندار بلے بازی کی۔ایسے موقع پر آپ خود کو بہتر طریقے سے نکھار سکتے ہیں۔وراٹ کی اپنی کپتانی میں 28 ٹسٹ میچوں میں یہ 18 ویں فتح ہے ۔ہندستان نے اس سے پہلے 2015 میں بھی سری لنکا کو وراٹ کی کپتانی میں ہی 2۔1 سے شکست دی تھی۔اس جیت کے ساتھ ہی ہندستان نے وراٹ کی کپتانی میں مسلسل آٹھویں سیریز جیتی ہے ۔کپتان نے کہاکہ ایک کرکٹر کے طور پر آپ کو خود کو ثابت کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔اگر آپ مشکل وقت سے لطف لیتے ہیں تو آپ اچھے وقت کا بھی لطف لے پائیں گے ۔ہماری بیٹنگ ایک بار پھر شاندار رہی۔پجارا اور رہانے کے طور پر ہمارے پاس ٹیسٹ کے دو بہترین بلے باز موجود ہیں ۔وہیں راہل بھی رن بنا رہے ہیں اور جڈیجہ بھی نچلے آرڈر میں اچھا کردار ادا کر رہے ہیں۔ردھمان ساہا اس فارمیٹ کے بہترین وکٹ کیپر ہیں ۔مین آف دی میچ رویندر جڈیجہ نے کہا کہ پہلی اننگز میں گیند زیادہ نہیں گھوم رہی تھی۔
لیکن دوسری اننگز میں وکٹ میں ٹرن تھا۔انہوں نے کہاکہ پہلی اننگز میں گیند اتنی ٹرن نہیں ہو رہی تھی جتنی کہ ہمیں دوسری اننگز میں دیکھنے کو ملا۔مینڈس نے شاندار بلے بازی کی۔ایک اسپنر کے لئے اس وقت ہمیشہ چیلنج رہتا ہے جب کوئی بلے باز مسلسل گیندوں پر سوئپ شاٹ کھیلے ۔ لیکن اس کے بعد ہم نے اپنی فیلڈ میں تبدیلی کی اور ان کو روکنے میں کامیاب رہے ۔