بیت اللہ پر پہلی نظر پڑتے ہیں دعاءکا اہتما کریں : خورشیدانور شمسی

پٹنہ 16 اگست( پی آر)ریاست سے جانے والے عازمین حج کے اعزاز میں حسب معمول بعد نماز مغرب اجتماعی دعائیہ مجلس کا اہتمام ہوا جس کی صدارت حافظ الحاج محمد الیاس عرف سنو بابو نے کی جبکہ نظامت کے فرائض مولانا ایوب نظامی قاسمی ناظم مدرسہ صوت القرآن داناپور نے انجام دیئے۔
مکہ مکرمہ کی طرف روانہ ہونے والے قافلہ سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی حضرت مولانا الحاج سید خورشیدانور شمسی، سجادہ نشیں خانقاہ شمسیہ ارول نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ تمام حضرات قابل مبارکباد ہیں آپ کا یہ مقدس سفر امتیاز ہی نہیں بلکہ تمام سفر سے مخصوس ہے آپ کا حج قبول ہوجائے اسکے لئے آپ اپنے مقام ومرتبہ کو پہچانیے آپ اللہ کے مہمان ہیں اور یہ خوش نصیبی آپ کے حصہ میں آئی ہے اسکی قدر کریں۔ حاجی کی مغفرت ہو جاتی ہے اور جسکے لئے مغفرت چاہتاہے اللہ اسکی بھی مغفرت فرما دیتے ہیں یہ انعام اللہ کی طرف سے ملتاہے ۔عازمین حج سے دعاءکی درخواست کی جاتی ہے کیونکہ اسکی دعاءاللہ تعالیٰ رد نہیں کرتا خصوصاً کعبہ شریف پر پہلی نگاہ پڑتے ہی آپ جو بھی دعا کریں گے اللہ اسے ضرور قبول فرمائےگا۔ آپ جب اللہ کے سامنے ہونگے تو آپ کیفیت یکدم بدل جائے گی اور آپ کی ہوش وحواس گم ہو جائیں گے کیا مانگنا ہے سب بھول جائیں گے اس وقت آپ کم ازکم یہ دعاءضرور کرلیں کہ اے اللہ مَیں جو بھی خیر کی دعاءمانگوں اسے قبول فرمالینا ۔پھر آپ منیٰ ،عرفات،مزدلفہ جہاں بھی رہیں گے دعائیں قبول ہوتی رہیںگی۔آپ وہاں جاکر گناہوں سے بچنے کی کوشش کریں اسلئے کہ آپ پاک وصاف ہونے کے لئے جارہے ہیں۔ عمرہ اور حج آپ کو پاک و صاف کردیگا ۔اور جب آپ گھر کو لوٹیں گے تو گھر میں داخل ہونے سے پہلے پہلے آپ دوسروں کے لئے دعائیں کرتے رہیں گے۔
عازمین کرام کو معزز چیئر مین حافظ الحاج محمد الیاس عرف سنو بابو نے اپنے پیغام میں مبارکباداور نیک خواہشات پیش فرمائی ا ور سفر میں کم کھانا کم پینا کے فارمولے پر عمل کرنے کی گذارش کی۔واضح رہے کہ آج صرف ایک ہی فلائٹ سے عازمین کرام کی روانگی دعاءاور عشاءکی نماز کے فوراً بعد بسوں کے ذریعہ گیا کے لئے ہوئی ۔ مجلس کا آغاز جناب حافظ وقاری صغیرالدین صاحب ،بھاگلپورکی تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ نعتیہ کلام شہنشاہ ترنم جناب سبطین رضاعظیم آبادی ،بانی بزم حسان نعت اکیڈمی ،پٹنہ نے پیش کی۔
میڈیا انچارج صغیر احمد نے بتایا کہ آج کی فلائٹ سے جانے والے عازمین کی تعداد99وعازمات کی تعداد51 ہے۔ مجلس میںجن سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ان میںالحاج ماسٹر محمد ایوب،مولانا ممتاز رحمانی، مدرسہ صوت القرآن داناپور، الحاج محمد شفیق الرحمن،جناب سید وجیہ الدین سابق ممبر حج کمیٹی ،محترمہ گلفشاں جبیں عرف سگن رکن بہار ریاستی حج کمیٹی کے علاوہ فرزندان توحیدنے بڑی تعداد میں شرکت کی آخر میںمہمان خصوصی کی دعاءپر مجلس کا اختتام ہوا۔