ثانیہ اور بوپنا سنسناٹی سے باہر

سنسناٹی، 19 اگست (یو این آئی) ہندوستان کی ثانیہ مرزا اور روہن بوپنا یہاں سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپنے اپنے جوڑیداروں کے ساتھ ہارکر باہر ہوگئے ہیں جس کے ساتھ ہی ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے چیلنج کا بھی اختتام ہوگیا ہے ۔خاتون ڈبلز کے سیمی فائنل میں پہنچیں ثانیہ مرزا اور چین کی پینگ شوائی کی چوتھی سیڈ جوڑی کو چینی تائپی کی سیح سو ویئی اور مونیکا نکولیسکو کی غیر سیڈ جوڑی نے چھ۔چار، سات۔چھ سے ہراکر باہر کردیا۔چوتھی سیڈڈ جوڑی نے ایک گھنٹے 33 منٹ تک جد و جہد کی اور کوئی ڈبلز فالٹ نہیں کیا جبکہ ان کی مخالف جوڑی نے دو ڈبل فالٹ کئے ۔ ہندوستانی۔ چینی جوڑی نے 60 فیصد بریک پوائنٹ جیتے جبکہ سیح ۔ مونیکا نے 86 فیصدی بریک پوائنٹ جیتے اور فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔سیح۔ مونیکا کے سامنے اب خطاب کے لئے چینی تائپی کی ینگ جان چان اور سوئٹزرلینڈ کی مارٹینا ہنگسز کی دوسری سیڈ جوڑی کا چیلنج رہے گا جنہوں نے ایک دیگر سیمی فائنل میں لوسی سفارووا اور باربورا اسٹائی کووا کو تیسری سیڈڈجوڑی کو سات۔چھ، چھ۔دو سے ہرایا۔