حج اپنے وجود کو اللہ کی راہ میں پیش کرنے کا عملی نمونہ :سہیل قاسمی

پٹنہ 20 اگست ( پریس ریلیز)ریاست سے جانے والے عازمین حج کے اعزاز میں حسب معمول بعد نماز مغرب اجتماعی دعائیہ مجلس کا اہتمام ہوا جس کی نظامت جناب مولانا ایوب نظامی قاسمی ناظم مدرسہ صوت القرآن داناپور نے انجام دیئے۔
سوئے حرم روانہ ہونے والے قافلہ سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی حضرت مولانامفتی سہیل احمد قاسمی صدر مفتی امارت شرعیہ پھلواری شریف،پٹنہ نے عازمین حج سے خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ انوار الٰہی اور تجلیات الٰہی کا مرکز خانہ کعبہ کی طرف آپ جارہے ہیں اپنی ہستی اور شاہی تاج کو اتار کر امیروغریب، حاکم ومحکوم صرف اسی رب کے شاہی دربار میں پہنچتے ہیں اور سب اسی کے محتاج ہوتے ہیں۔ انہوں نے فرمایا کہ مختلف زبانوں کے بولنے والے جب حالت احرام میں آجاتے ہیں تو سب کی زبان پرصرف لبیک کا وظیفہ آجاتا ہے ۔ یہی تلبیہ اللہ کی بڑائی کا نعرہ اور اس کے دربار میں جانے کی سوغات ہے۔ اک دیوانہ اور بھکاری کی طرح رب کائنات کی چوکھٹ پر جارہے ہیں اگرآپ اپنی نگاہوں کو پاک نہ کرسکے ، روحانی وعرفانی اسپرٹ پیدا نہ کرسکے تو آپ کا سفر ناکام ہوگیا۔طواف کعبہ، زمزم کاچشمہ، صفا ومروہ کی سعی، منیٰ کا قیام یہ سب حضرت ابراہیم ، حضرت حاجرہ اورحضرت اسمعیل علیھم الصلوٰة والسلام کی دیوانگی انکی ادائیں اور اپنی جان کی قربانی اپنے وجود کو اللہ کے راہ میں پیش کرنے کا عملی نمونہ ہے۔
انہوںنے خواتین کے مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ انکا لباس ہی انکا احرام ہے اور انہیں مختلف اوقات میں جو تبدیلیاں آئیںگی تو پاکی کی حالات میں ہی وہ طواف کعبہ کریں گی، خواتین کو اپنے ضروری مسائل سے واقف ہوکر حج کرنے کے لئے جانا چاہئے۔ تمام ارکان ومناسک،تمام تسبیحات اور دعائیں خواتین ناپاکی کی حالت میں کرسکتی ہیں،یہاں تک کہ منیٰ ،عرفات ومزدلفہ ہر جگہ جاسکتی ہیںجمرات کی رمی بھی کرسکتی ہیں ،نماز ، طواف بیت اللہ اور تلاوت قرآن کریم کے علاوہ تمام اعمال ووظائف وہ پڑھ سکتی ہیں۔
حج کمیٹی کے چیئر مین الحاج محمد الیاس عرف سنو بابونے سفر سے متعلق چوکنا رہنے اپنے کاغذات کی حفاظت کرنے اور ایئر پورٹ کے ضابطوںسے با خبر رہنے کی تلقین فرمائی اور کہاکہ اپنے سامان لانے اور لے جانے میں وزن کی جو ہدایت دی گئی ہے حاجی اسکا خاص خیال رکھیں۔ انہوں نے فرمایا کہ آپ حج کے تمام مناسک فرائض واجبات کو خوب اچھی طرح ذہن نشیں کرلیںتاکہ آپ کو حج کے دوران کسی قسم کی دشواریوں کا سامنا نہ کرناپڑے۔آپ خادم الحجاج اور علماءکرام سے سفرسے متعلق امور اور حج کے ارکان سیکھنے اور سمجھنے کی کوشش کریں۔ آپ کا یہ سفرمکہ مکرمہ کے لئے ہے وہاں سب سے پہلے آپ کو عمرہ کا عمل مکمل کرنا ہے عمرہ کرنے کے بعد حج سے پہلے آپ کو کچھ مواقع ملیں گے اس سے آپ مزید حج کے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کے اس سفر کو آسان فرمائے اور قبول فرمائے۔
دعائیہ مجلس کا آغاز عازم حج قاری محمد انظار عالم کے تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ نعتیہ کلام عزیزہ میمونہ خاتون بنت محمد راشد حسین چیف اکزکیوٹیوآفیسر بہار ریاستی حج کمیٹی و ذوالفقار المعیز نے پیش کی۔
واضح ہوکہ آج ۱۲اگست بروز سوموار آخری دعائیہ مجلس ہوگی اور آخری قافلہ حج بھون سے ساڑھے گیارہ بجے دن میں ۲۲اگست منگل کو روانہ ہوگا۔
میڈیا انچارج صغیر احمد نے بتایا کہ آج گیا ائیر پورٹ سے تین فلائٹ جدہ کے لئے روانہ ہوگی۔جس میں پہلی فلائٹ سے جانے والے عازمین کی تعداد104وعازمات کی تعداد55، دوسری فلائٹ سے جانے والے عازمین حج کی تعداد 88وعازمات کی تعداد 71اور تیسری فلائٹ سے جانے والے عازمین کی تعداد94وعازمات کی تعداد65ہیں۔ مجلس میںجن سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ان میںڈاکٹر اظہارسابق ایم ۔ایل۔اے، مولانا اعجاز کریم،مولانامحمد ممتاز رحمانی مدرسہ صوت القرآن،داناپور، شہنواز عرف سونو،دانش احمد ، الحاج خلق احمد قادری، جناب سید وجیہ الدین سابق ممبر حج کمیٹی کے علاوہ فرزندان توحیدنے بڑی تعداد میں شرکت کی آخر میںمہمان خصوصی کی دعاءپر مجلس کا اختتام ہوا۔