حج کا سفر آخرت کی زندگی کو بنائے گا :محمد عمر نورانی

پٹنہ 19 اگست(پریس ریلیز)ریاست سے جانے والے عازمین حج کے اعزاز میں حسب معمول بعد نماز مغرب اجتماعی دعائیہ مجلس کا اہتمام ہوا جس کی نظامت جناب مولانا ایوب نظامی قاسمی ناظم مدرسہ صوت القرآن داناپور نے انجام دیئے۔
مکہ مکرمہ کی طرف روانہ ہونے والے قافلہ سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی حضرت مولانامحمد عمر نورانی رکن بہار ریاستی حج کمیٹی نے عازمین حج سے خطاب فرماتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا بہت بڑا کرم ہے کہ اس بابرکت سفر کے لئے آپ کا انتخاب فرمایا ۔یہ زندگی کا سب سے بابر کت سفر ہے ،یہ سفر آخرت کا سفر ہے اور یہ سفر آپ کے آخرت کی زندگی کو بنائے گا اور جس کی آخرت بن گئی وہ مکمل کامیاب ہوگیا۔حدیث میں ہے کہ حج مبرور کی جزاءجنت کے سوا کچھ نہیںہے۔ یعنی وہ حج جو اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں مقبول ہو اسکی جزاءصر ف جنت ہے۔ حج مبرور وہ حج کہلاتا ہے جس میں فسق وفجور لایعنی بے ہودہ ،غیر شرعی گفتگو اور عمل نہ ہو ،انہوں نے فرمایا آپ وہاں جا کر اپنی زبان کو قابو میں رکھیں غیبت نہ کریں شکایات سے بچیںاور دوسروں کے عیب کو ڈھونڈنے کے بجائے اپنے عیب کو اللہ کے سامنے رکھ کر مغفرت کی درخواست کریں۔ شیطان ہمارے حج کو بڑے بڑے گناہوں سے برباد نہیں کرتا بلکہ چھوٹے چھوٹے گناہوں میں بھی پھنسا کر ہمیں برباد کرنے کے چکر میں رہتا ہے۔آپ خانہ کعبہ اور مدینہ منورہ میں جاکر سیلفی اور تصویر سے بچیں یہ شیطان آ پ کوغیر شرعی امور میں الجھا تے ہیںاور شیطان اپنے مقصد میں کامیاب ہو جاتا ہے ۔یہ شیطان آپ کو ایسی ہی غیر شرعی امور میں الجھا کر اللہ کی رحمت ورضا سے محروم کرادینا چاہتا ہے۔آپ وہاں جاکر خوش خلقی،نرم کلامی اور عمدہ اخلاق سے آراستہ ہوکر لوٹیں۔
حج کمیٹی کے چیئر مین الحاج محمد الیاس عرف سنو بابونے مختصر خطاب میں حج کمیٹی کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا اورعازمین حج کو دلی مبارکباد پیش کی اور انہوں نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ آپ کے اس سفر کو آسان فرمائے اور قبول فرمائے۔ انہوں کہا کہ مولانا محترم نے حج کے متعلق تما م ضروری باتیں بتادی ہیںآپ اسے ذہن نشیں کرلیں۔آپ اپنے حج کے مقصد کو فوت نہ ہونے دیں۔انہوں نے فرمایا کہ آپ کا سفر جدہ کے لئے ہوگا لہٰذا آپ گیا سے احرام کی حالت میں پرواز کریں گے۔ گیا ایئر پورٹ کے باہر ٹینٹ میں سارے انتظامات کئے گئے ہیں آپ تمام طرح کی ضروریات سے فراغت حاصل کرنے کے بعد احرام باندھ لیں۔دوران سفر آپ کھانے پینے کے نظم میں احتیاط سے کام لیں گے تاکہ جہاز میں آپ کو کسی قسم کی دشواریوں کاسامنا نہ کرنا پڑے۔جدہ پہنچنے کے بعد بہت اطمینان کا مظاہرہ کریں گے تمام سرکاری ضابطوں کو مکمل کرانے کے بعد آپ اپنے اپنے قیام گاہ عزیزہ یا گرین میں جائیں گے۔اور وہاں سے آپ عمرہ کی ادائیگی کریں گے۔ انہوں نے فرمایا کہ حج کمیٹی کی جانب سے آپ کوجو کتابچہ (حج گائیڈ) دستیاب کرایا گیا ہے اسے ہمیشہ اپنے ساتھ رکھیں گے کیوں کہ اس میں وہاں کے سبھی ضروری ٹیلوفون نمبر موجودہیں۔منیٰ روانگی کے قبل معلم کے آدمی آپ کو خیمہ کا نمبر دستیاب کرائیں گے۔اور پھر معلم کے آدمی ہی منیٰ تک پہنچانے میں آپ کی مدد کریں گے۔
دعائیہ مجلس کا آغاز جناب حافظ وقاری جمال الدین امارت شرعیہ کلام پاک سے ہوا جبکہ نعتیہکلام عازم حج مولانا زبیر احمد قاسمی،دربھنگہ نے پیش کی۔
میڈیا انچارج صغیر احمد نے بتایا کہ آج گیا ائیر پورٹ سے تین فلائٹ جدہ کے لئے روانہ ہوگی۔جس میں پہلی فلائٹ سے جانے والے عازمین کی تعداد100وعازمات کی تعداد59، دوسری فلائٹ سے جانے والے عازمین حج کی تعداد 93وعازمات کی تعداد 66اور تیسری فلائٹ سے جانے والے عازمین کی تعداد100وعازمات کی تعداد59ہیں جبکہ آج کی پہلی فلائٹ کے سب سے کم عمر کے عازم حج علی عظیم والد فضل الدین عمر ۰۱سال شامل ہیں۔اب تک بہار سے جانے والے کل عازمین حج 5876ہیں ۔جن میں 3491عازمین و2392عازمات ہیں۔ مجلس میںجن سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ان میںمولانا نذرالمبین صاحب امام وخطیب جامع مسجد ڈھاکہ،مولانا امان اللہ صاحب، ڈھاکہ ،جناب محمد الیاس خان سابق رکن بہار ریاستی حج کمیٹی،محترمہ گلفشاں جبیں عرف سگن رکن بہار ریاستی حج کمیٹی، جناب سید وجیہ الدین سابق ممبر حج کمیٹی کے علاوہ فرزندان توحیدنے بڑی تعداد میں شرکت کی آخر میںمہمان خصوصی کی دعاءپر مجلس کا اختتام ہوا۔