دلیپ کمار روبصحت، طبیعت میں بہتری کے آثار

ممبئی 6جولائی (یواین آئی) ہندوستانی فلمی دنیا کے شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کی طبیعت کے بارے میں افواہوں کے بعد یہ خوش آئند خبر موصول ہوئی ہے کہ بزرگ اداکار روبصحت ہیں اور ان کی طبیعت میں بہتری کے آثار نظر آرہے ہیں۔شمال مغربی ممبئی کے علاقہ باندرہ میں واقع لیلاوتی اسپتال کے ایک باثوق ذرائع نے کہا کہ دلیپ کمار کی حالت میں سدھار ہورہا ہے ، جس کی ان خاندان سے انتہائی قریب اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سینٹ کے ممبر آصف فاروقی نے بھی کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ دلیپ صاحب ایک عرصہ سے ضعیف العمری کا شکار ہیں اور چند سال میں ان کی طبیعت کئی مرتبہ ناساز ہوئی ہے اور انہیں اسپتال داخل کیا گیا ہے ، حال میں پیشاب میں تکلیف کے نتیجے میں انہیں اسپتال میں داخل کیا گیا، لیکن یہ اچھی خبر آرہی ہے کہ شہنشاہ جذبات کی حالت بہتر ہورہی ہے ۔گزشتہ روز گلوکارہ لتا منگیشکرنے ان کی طبیعت کے تعلق سے ٹوئیٹ کیا تھا اور ان کے جلد صحت یاب ہونے کی دعاءکی تھی کہ ”مجھے خبروں سے پتہ چلا ہے کہ لیپ کمار جی کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے ،ان کی صحت میں جلد سدھار آئے ، یہ میری خدا سے دعا ہے کہ انہیں جلد صحت عطا فرمائے ” ۔واضح رہے کہ 94 سالہ دلیپ کمار کو بدھ کو لیلاوتی اسپتال میں داخل کیا گیا، جنہوں نے 1944 میں فلم جوار بھاٹا سے فلمی کیرئیر کی شروعات کی اور 1998میں قلعہ نامی فلم میں آخری بار نظر آئے ۔مغل اعظم، دیدار، مدھومتی، دیوداس، نیا دور، گنگاجمنااور پھر 1970کی دہائی میں بیراگ، گوپی اور سگینہ میں انہوں نے یادگار رول کئے ۔اور منوج کمار کی فلم کرانتی سے کریکٹررول اختیار کرلیا اورشکتی میں امیتابھ بچن کے مقابلہ انہیں فلم فیئر کا بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا ۔راجیہ سبھا کے ممبر رہنے کے ساتھ ساتھ انہیں پدم شری اور پدم وبھوشن سے نوازاگیا۔پاکستان نے بھی انہیں نشان امتیاز سے نوازا تھا۔ان کی اداکارہ بیوی سائرہ بانو ان کی دیکھ بھا کررہی ہیں اور انہوں نے بھی امید ظاہر کی دلیپ صحب جلد صحت یاب ہوکر گھر واپس آجائیں گے ۔