سفر حج پر آپ کی روانگی ہم سب کےلئے قابل رشک

پٹنہ 3 اگست ( پریس ریلیز)حج جیسے مقدسفر پہ آپ کی روانگی ہم سب کےلئے قابل رشک ہے۔یہ وہ سفر ہے جسے دیوانوں کا سفر کہا جاتا ہے آپ قدم قدم پر اپنے آپ کا خیال کیجئے گا اور اپنے فریضہ کی دائیگی کی ہرممکن کوشش کیجئے گا آپ کی پہلی منزل شہر رسول مدینہ منورہ ہے یہ وہ شہر ہے جہاں مومن کے ایمان میں تازگی اور بہار آجاتی ہے مدینہ طیبہ میں ہر وقت رحمتوں کی برسات ہوتی رہتی ہے اس برسات میں اپنے گناہوں کو دُھلنا آپ کا کام ہے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ ایک شہر میں اللہ کا گھر دوسرے شہر میں رسول اللہ ﷺ کا گھر ہے دونوں کی شان نرالی ہے اس نرالی شان کی عظمت کو دل میں بیٹھاکر اپنی روز مرہ کی عبادت سنت رسول کے مطابق ادا کرنی ہے آپ سب کا مقصد عرفات منیٰ مزدلفہ جاکر اپنی زندگی کو نکھار نا، آخرت کو سنوارنا اور اللہ کی رضا حاصل کرکے جنت کا حاصل کرنا ہے۔ ان مقامات پر کائنات کا مالک سب کو دیکھ رہا ہے ایک ایک عمل سے واقف ہے لہٰذا اپنی عبادت میں خلوص پیدا کیجئے گا۔
اپنی پرمغز خطاب میں مہمان خصوصی نے عازمین اور عازمات کوآگاہ کیا کہ آپ گھر بار بیوی بچوں کو چھوڑ کر اور بڑا سرمایہ خرچ کرکے اس سفر پہ روانہ ہوچکے ہیںآپ نے اگر وقت کھو دیا تو ہاتھ ملنے کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔ آپ اپنی دعاﺅں میں اللہ کے سامنے گڑگڑا کر کہئے گا کہ مالک ہم تو آپ کے دربار میں آگئے ہیں نوازنا آپ کا کام ہے۔
اظہار تشکر کرتے ہوئے جناب نوشاد احمد صاحب ممبر اسمبلی وسابق وزیر حکومت بہار نے کہا کہ آپ عازمین وعازمات خوش قسمت ہیں کہ سب سے اہم ترین سفرپر روانہ ہوچکے ہیں۔وہاں جاکر ہم سب کو اور اہل وطن کو اپنی دعاو¿ں میں یاد رکھیں گے۔
ریاستی حج کمیٹی کے چیئر مین حافظ الحاج محمد الیاس عرف سنو بابو نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سفرسے متعلق امور پر بصیرت افروز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ائیر پورٹ کے تمام احکامات سے آپ کو واقف ہوکر رہنا ہوگا۔ کم کھانا کم پینا اپنے سفر کو آسان بنا نے کے لئے لازم اور ضروری ہے اور کہا کہ آپ کے ساتھ جو خواتین جارہی ہیں انکو بھی اپنی طرح عبادت میں لگاکر رکھئے گا ۔انہو ں نے انکشاف کیا کہ ۷اگست تک جو قافلہ روانہ ہو رہا ہے وہ مدینہ منورہ کے لئے ہو رہا ہے اسکے بعدجدہ اور مکہ کی طرف روانگی ہوگی۔انہوں نے مدینہ کے قیام کے دوران چالیس وقت کی نماز باجماعت مسجد نبوی میں امام حرم کے پیچھے ہر حال میں پڑھنے کی نصیحت کی انہوں نے زیارات کے سلسلہ میں آگاہ کیا کہ آپ فجر کی نماز کے بعد ہر حال میں زیارتوں سے فارغ ہوکر ظہر کی نماز مسجد نبوی میں ہی اداکریں گے۔
دعائیہ مجلس کا آغاز جناب قاری شمس الحق،مدرسہ تحفیظ القرآن سمن پورہ، پٹنہ کی تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ نعتیہ کلام عزیزی دیان قادری ،خانقاہ عمادیہ منگل تالاب نے پیش کی اور نظامت کے فرائض مولانا ایوب نظامی قاسمی ناظم مدرسہ صوت القرآن دانا پورنے بحسن خوبی انجام دیئے۔
میڈیا انچارج صغیر احمد نے بتایا کہ آج کی فلائٹ سے جانے والے عازمین کی تعداد 92وعازمات کی تعداد58 ہے ۔جبکہ دوسری فلائٹ سے جانے والے عازمین کی تعداد90 وعازمات کی تعداد60 ہیں۔ مجلس میںجن سرکردہ شخصیات نے شرکت کی ان میں ڈاکٹراظہار احمد،سابق ایم ایل اے ، مولانا حکیم محمد شبلی قاسمی،مولانا اعجاز کریم قاسمی،انجینئر وسیم ریاض،مولانا ساجد رحمانی ،مولانا عبدا لسلام، انجینئر عبد الحفیظ، حافظ خالد استاد جامعہ اصلاحیہ سلفیہ پٹنہ، مولانا عبد الستار قاسمی،محترمہ گلفشاں جبیں عرف سگن ممبر حج کمیٹی کے علاوہ شہر کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی آخر میں مہمان خصوصی مولاناسید شاہ مصباح الحق عمادی،سجادہ نشیں خانقاہ عمادیہ قلندریہ، منگل تالاب،پٹنہ سیٹی کی دعاءپر مجلس کا اختتام ہوا۔