طلاق ثلاثہ پر سپریم کورٹ کے آئینی بنچ کا فیصلہ آج

نئی دہلی 21 اگست (تاثیر بیورو): سپریم کورٹ منگل کو طلاق ثلاثہ کے معاملے پر اپنا فیصلہ سنائے گا۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی پانچ نفری آئینی بنچ نے اس معاملے کی سماعت 11 سے 18مئی تک کی تھی اور اس کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ توقع ہے کہ عدالت عظمیٰ کے آئینی بنچ کا یہ اہم فیصلہ منگل کو صبح 10.30 بجے آئے گا۔ سپریم کورٹ میںدائر اپنے حلف نامہ میں مرکزی حکومت نے طلاق ثلاثہ کے معاملے کوغیر آئینی قرار دیتے ہوئے اسے ختم کرنے کی گزارش کی تھی۔ جبکہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بورڈ سبھی قاضیوں کو ایڈوائزری جاری کرے گا کہ وہ تین طلاق کے معاملے میں نہ صرف خواتین کی رائے لیں بلکہ اسے نکاح نامے میں بھی شامل کریں۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جے ایس کھیہر 27ا گست کو سبکدوش ہورہے ہیں۔ ضابطے کے مطابق جو بنچ سماعت کرتی ہے وہی فیصلہ بھی سناتی ہے۔ اس لئے ہر جج کی سبکدوشی سے پہلے ان سبھی معاملوں کا فیصلہ سنادیا جاتا ہے جن کی اس جج نے سماعت کی ہوتی ہے۔ اگر سنوائی کرنے والی بنچ کا کوئی بھی جج فیصلہ سنانے سے پہلے سبکدوش ہوگیا تو اس معاملے میں دوبارہ نئے سرے سے سنوائی ہوگی اور تب فیصلہ سنایا جاسکے گا۔