پرو کبڈی کو پہلے ہفتے میں 132 ملین شائقین نے دیکھا

ممبئی 10 اگسٹ (یواین آئی) پرو کبڈی کے پانچویں سیزن کو کئی زاویوں سے اہمیت حاصل ہوئی ہے اور اب اِس نے کامیابی کی ایک اور منزل طے کرلی ہے جیسا کہ ٹورنمنٹ کے افیشل براڈ کاسٹر اسٹار اسپورٹس سے موصولہ خبر کے بموجب پرو کبڈی کے پانچویں سیزن میں پہلے ہفتے کے مقابلوں کو 132 ملین شائقین نے دیکھا ہے۔ پہلے ہفتے میں ٹورنمنٹ کے 13 مقابلے ہوئے ہیں جس کا 132 ملین شائقین نے مشاہدہ کیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب 90 ملین شائقین کا تعلق شہروں سے ہے جبکہ دیہی علاقوں میں شائقین کی تعداد 42 ملین ریکارڈ کی گئی ہے۔ شائقین کی تعداد میں آندھراپردیش، مہاراشٹرا اور کرناٹک میں پرو کبڈی کی مقبولیت میں بالترتیب 40 ، 34 اور 52 فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں اسٹار اسپورٹس 1 ٹامل اور اسٹار اسپورٹس 1 ٹاملناڈو کے شائقین میں 6 گنا اضافہ ہوا ہے جبکہ اترپردیش میں شائقین کی تعداد میں دوگنا اضافہ درج کیا گیا ہے۔ کبڈی کے چوتھے سیزن کی بہ نسبت رواں ٹورنمنٹ کے ابتدائی 13 مقابلوں کی مقبولیت میں 59 فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے۔