29 برسوں بعد گلزار کی فلم’لباس‘ریلیز ہوگی

ممبئی، 20 اگست (یو این آئی) بالی وڈ کے معروف نغمہ نگار اور ہدایت کار گلزار کی فلم لباس 29 برسوں بعد ریلیز ہونے جا رہی ہے ۔ ‘لباس’ کی کہانی گلزار کی اپنی شارٹ اسٹوری سیما پر مبنی ہے ۔ فلم کی کہانی ایک تھیئٹر ڈائریکٹر اور اس کی اہلیہ پر مرکوز ہے ۔ تھیئٹر ڈائریکٹر کے رول میں نصیر الدین شاہ اور اہلیہ کے کردار میں شبانہ اعظمی ہیں۔ فلم میں راج ببر، سشما سیٹھ، اتپل دت، انو کپور کے بھی رول ہیں۔ لباس میں آنجہانی آر ڈی برمن کی موسیقی ہے ۔سال 1988 میں بننے والی یہ فلم ژی کلاسک کے ذریعہ سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔ فلم کو وکاس موہن نے بنایا تھا، جبکہ انکے بیٹے امول وکاس موہن اور انشل وکاس موہن اسے ریلیز کر رہے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ فلم اس سال کے آخر تک ریلیز ہوگی۔