50کی عمر پار کرچکے نااہل ٹیچروں پر کارروائی تیز ، 15ستمبر تک رپورٹ طلب

Taasir Urdu News | Uploaded on 31-Aug-2017

پٹنہ ، 31اگست ( نمائندہ ) 50 کی عمر پار کرچکے ٹیچروں کو جبریہ ریٹائر کرنے کا معاملہ ابھی ٹھنڈے بستے میں نہیں پڑا ہے۔ ان سبھی نا اہل ٹیچروں کا چین چھیننے کی تیاری میں حکومت مصروف عمل ہے۔ حکومت نے ضلع کے تعلیمی افسران ( ڈی ای او ) سے کہا ہے کہ وہ 15ستمبر تک نا اہل ٹیچروں کی پہچان کرتے ہوئے ان کی فہرست ہیڈ کوارٹر کو مہیا کرادیں ۔ڈی ای او کو جاری مکتوب میں حکومت کے ذریعہ قبل میں لئے گئے فیصلے کا حوالہ دے کر کہا گیا ہے کہ انٹر اور میٹرک امتحانات میں خراب ریزلٹ دینے والے اسکولوں کے نا اہل ٹیچروں پر حکومت نے کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔وزیر اعلیٰ کے سطح پر ہوئی جائزہ میٹنگ میں یہ فیصلہ ہوا تھا کہ ویسے ٹیچر جن کی عمر 50 سال ہو چکی ہے اور جن کی نا اہلی اور لاپروائی کی وجہ سے بڑی تعداد میں طلبا ءکے ریزلٹ خراب ہوئے ویسے ٹیچروں کو حکومت نے کام سے الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جاری مکتوب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت کے فیصلے کو عمل میں لانے کے لئے ضروری ہے کہ اضلاع کے تعلیمی افسران اپنے دائرہ اختیار والے ایسے اسکولوں کی شناخت کرتے ہوئے ٹیچروں کی تفصیل تیار کر کے حکومت کو بھیجیں ۔ جن کی وجہ سے نتیجے خراب ہوئے اور طلبا کا مستقبل داو¿ پر لگا ۔محکمہ تعلیم نے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ ٹیچروں کی فہرست ضلع سطح سے موصول ہونے کے بعد اسے اسکریننگ کمیٹی کو بھیجا جائے گا ۔جن ٹیچروں کے نام فہرست میں شامل ہوں گے ویسے ٹیچروں کو حکومت اپنا موقف رکھنے کا موقع بھی دے گی ۔