سیاست

بی ایچ یو تشدد:ڈی ایس پی ، سی او ہٹائے گئے ،تھانہ انچارج لائن حاضر

وارانسی، 25 ستمبر (یو این آئی) اترپردیش حکومت نے بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو ) میں چھیڑخانی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہی طالبات پر پولیس کی لاٹھی چارج معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے لنکا تھانہ انچارج کو لائن حاضر کرتے ہوئے بھیلوپور پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کا تبادلہ کر دیا۔سرکاری ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ بھیلوپور کے سرکل افسر (سی او) نویش کٹیار کا تبادلہ کر دیا گیا ہے ۔ان کے مقام پر پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اے پی سنگھ کو تعینات کیا گیا ہے ۔مسٹر سنگھ نے صبح چارج لے لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ لنکا پولیس اسٹیشن انچارج راجیو سنگھ کو لائن حاضر کیا گیا ہے ۔ ان کی جگہ سنجیو مشیر کی پوسٹنگ کی گئی ہے ۔کل دیر رات سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ آر کے بھارد واج نے اس سلسلے میں حکم جاری کیا۔ غور طلب ہے کہ بی ایچ یو احاطے میں منچلوں سے پریشان سینکڑوں طالبات اپنی سیکورٹی کے مطالبے پر 22 ستمبر کی صبح سے دھرنے پر بیٹھی ہوئی تھیں۔ہفتہ کی رات وائس چانسلر پروفیسر گریش چندر ترپاٹھی سے بات چیت کی کوششیں ناکام ہونے کے بعدتحریک کرنے والی طالبات ان کی رہائش گاہ کی طرف مارچ کر رہی تھیں، تبھی ان پر لاٹھی چارج کیا گیا۔ اس کے بعد ہوئے تشدد میں ایک درجن سے زائد طالبات، متعدد صحافی اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے ۔ مشتعل ہجوم نے جم کر توڑ پھوڑ کی تھی اور ایک ٹریکٹر اورکئی موٹر سائیکلوں کو آگ کے حوالے کر دیا تھا۔ ہفتہ کی رات سے ہی یونیورسٹی کیمپس میں کشیدگی کا ماحول ہے اوربڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ادھرضلع مجسٹریٹ نے آج یونیورسٹی انتظامیہ کو کیمپس میں سیکورٹی کے پختہ انتظام کرنے کے لئے کہا ہے ۔ضلع مجسٹریٹ یوگیشور رام مشر نے یونیورسٹی کو خط بھیجا ہے جس میں یونیورسٹی کیمپس کے تما م داخلی اور نکاسی دروازوں کے علاوہ لڑکے اور لڑکیوں کے ہاسٹلوں کے آس پاس فوراً سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے ساتھ ہی سیکورٹی میں اضافہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔مسٹر مشرا نے لڑکیوں کے ہاسٹلوں اور ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے ہدایات کے مطابق ایک کمیٹی بنانے اور اس میں طالبات کو مناسب نمائندگی دینے کے لئے کہا ہے ۔ حکم میں اس بات کو یقینی بنانے کے لئے بھی کہا گیا ہے کہ کمیٹی مقررہ مدت سے وائس چانسلر کو اپنی رپورٹ دے اور اس کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ کارروائی کرے ۔ لڑکیوں کے ہاسٹلوں میں خواتین سیکورٹی اہلکار تعینات کئے جائیں ۔ اس بیچ بنارس ہندو یونیورسٹی کے ہاسٹل میں رہنے والی لڑکیوں پر پولس کے لاٹھی چارج کے واقعہ پر وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امت شاہ نے آج اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے بات کی، جس پر وزیر اعلی نے معاملے پر ضروری قدم اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ۔

About the author

Profile photo of Taasir Newspaper

Taasir Newspaper

Skip to toolbar