سیاست

لالو اور تیجسوی کو سی بی آئی کا نیا سمن

Written by Taasir Newspaper

پٹنہ 26 ستمبر (تاثیر بیورو): سی بی آئی نے آر جے ڈی کے سربراہ اور سابق وزیر ریل لالو پرساد یادو اور ان کے بیٹے سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو کو ایک بار پھر سمن جاری کرتے ہوئے 3 اور 4 اکتوبر کو پوچھ گچھ کیلئے ہیڈکوارٹر طلب کیا ہے۔ لالو نے پیشی کیلئے دو ہفتے کا وقت مانگا تھا ، مگر سی بی آئی نے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے۔ سی بی آئی نے بتایا کہ آئی آر سی ٹی سی ہوٹل گھوٹالہ معاملے میں لالو یادو کو 11 ستمبر کو ہی سی بی آئی ہیڈکوارٹر میں پیش ہونا تھا اور اگلے دن ان کے بیٹے کو۔ لیکن انہوں نے اپنے وکیل کے توسط سے درخواست دے کر کچھ دنوں کی مہلت مانگی تھی۔ اس کے بعد سوموار اور منگل کو لالو اور ان کے بیٹے کو آنا تھا لیکن ایک بار پھر انہوں نے وکیل کے توسط سے درخواست دے کر مزید وقت مانگا۔ اس لئے انہیں ایک ہفتے کی مزید مہلت دیتے ہوئے تازہ سمن جاری کیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ سی بی آئی ریلوے کے آدھا درجن سے زیادہ افسران سے پوچھ گچھ کرچکی ہے اور ان سے جو جانکاری ملی ہے اس کی بنیاد پر اب وہ باپ بیٹے سے پوچھ گچھ کرنا چاہتی ہے۔ الزام ہے کہ ہوٹل گھوٹالہ مئی 2004 میں اس وقت ہوا تھا جب لالو یادو وزیر ریل تھے۔

About the author

Taasir Newspaper